0
Tuesday 2 Jun 2015 10:16

35 سالوں سے زندہ بھٹو کو زرداری اور مہدی شاہ نے صرف 5سال میں مار دیا، سینیٹر مشاہد اللہ

35 سالوں سے زندہ بھٹو کو زرداری اور مہدی شاہ نے صرف 5سال میں مار دیا، سینیٹر مشاہد اللہ
 اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما و سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ 35 سال سے زندہ بھٹو اور محترمہ بے نظیر شہید کو زرداری اور مہدی شاہ نے صرف 5 سال میں مار دیا۔ علمدار چوک اسکردو میں الیکشن کمپین آفس کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹو اور محترمہ بے نظیر گلگت بلتستان سمیت ملک میں خوشحالی چاہتے تھے اور اپنی سیاست اور جمہوریت پسندی کی وجہ سے 35 سال سے زندہ تھے، تاہم زرداری اور مہدی شاہ نے صرف 5 سال میں انہیں مار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ماہروں نے اس حد تک کرپشن کر دی کہ بے نظیر بھٹو شہید کے مقبرے کی تعمیر میں بھی کرپشن کی، جس پر اینٹی کرپشن کے ادارے کو کیس رجسٹرڈ کرنا پڑگیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق گورننس کرنے کی بجائے سب کچھ بیج ڈالا، حتٰی کہ ایک شرابی نے وطن کو بھی بیچ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کے پاس پیسے بہت ہیں، جو ایک جلسہ یا ریلی میں 15 لاکھ کیوں نہ خرچ کریں، کیونکہ انہوں نے یہ پیسہ عوام سے ہی کمایا ہے، ہمارے پاس ووٹ ہیں انکے پاس نوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکے اور آپریشن ضرب عضب وہی لیڈر شروع کرسکتا ہے جو لوہے کا کاروبار کرکے لوہے جیسا عزم رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کیلئے خوشحالی اور ترقی کی علامت ہے، ہمارے قائد بولتے کم ہیں مگر عملی کام بہت زیادہ کرتے ہیں، ہمارے پاس گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے باقاعدہ ایک وژن موجود ہے اور اسی وژن کے تحت بتدریج منظم حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے قومی وسائل بے دردی سے لوٹے اور اپنی جیبیں بھرلی ہیں، اسکی نظیر نہیں ملتی ہے، اگر قومی وسائل علاقے پر خرچ کرتے تو آج آپکی سٹرکیں ٹوٹی پھوٹی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور وقت ثابت کرے گا کہ اس علاقے سے سچی محبت اور ہمدردی کون رکھتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 464516
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش