0
Monday 27 Dec 2010 11:29

بینظیر قتل کی تحقیقات مکمل اور سازش کا انکشاف ہو گیا،رحمان ملک،مکمل تحقیقات عوام کے سامنے لائیں،ناہید خان

بینظیر قتل کی تحقیقات مکمل اور سازش کا انکشاف ہو گیا،رحمان ملک،مکمل تحقیقات عوام کے سامنے لائیں،ناہید خان
لاڑکانہ:اسلام ٹائمز-وزیر داخلہ رحمن ملک نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات مکمل ہو گئی ہے اور قتل میں ہونے والی سازش کا بھی انکشاف ہو گیا ہے،انہوں نے کہا کہ اس وقت تک محترمہ کے قتل میں جو تحقیقاتی رپورٹ سامنے آئی ہے اس کو سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی میں پیش کیا جائے گا اور سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی میں تحقیقاتی رپورٹ سی ای سی کی منظوری کے بعد عوام کو بتانے کے لیے منظر عام پر لائی جائے گی،عوام جلد محترمہ کے قاتلوں کی خوشخبری سنیں گے۔ 
وزیر داخلہ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی کیا جا جائے گا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابی ملی ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا اور کامیابی کے بعد معاشی بحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے ایم کیو ایم،عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں نے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن حکومت سے ناراض نہیں ہیں،تاہم آپس میں چھوٹے موٹے معاملات ہوتے رہتے ہیں اور قوم دیکھے گی کہ مولانا فضل الرحمن جلد حکومت میں واپس آجائیں گے۔
ادھر شہید بینظیر بھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکریٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ کی جانب سے تحقیقات مکمل کرنے کا دعویٰ درست ہے تو اسے عوام کے سامنے ضرور لایا جائے،پیپلزپارٹی کے ہر کارکن کی یہ خواہش ہے کہ ان کے قتل کے تمام ملزمان کو بے نقاب کیا جائے اور سازش کرنیوالے عناصر کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے جبکہ سینٹر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ سینٹرل کمیٹی کے آج کے اجلاس میں انہیں مدعو نہیں کیا گیا اور انہوں نے پارٹی سے اپنی معطلی کے متعلق ملنے والے اظہار وجوہ کے نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔ اتوار کو گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی تیسری برسی کے موقعے پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی شہادت کا غم زندگی بھر نہیں بھلایا جاسکے گا۔ 
ناہید خان نے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کے اس بیان پر کہ بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات مکمل ہوچکی اور اسے آج سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کی جانب سے تحقیقات مکمل کرنے کا دعویٰ درست ہے تو اسے عوام کے سامنے ضرور لایا جائے اور میں اس دن کا انتظار کروں گی جب یہ تحقیقات منظر عام پر آئیگی۔ اس موقع پر ناہید خان کے شوہر اور سینیٹر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ سینٹرل کمیٹی کے آج کے اجلاس میں انہیں مدعو نہیں کیا گیا ہے اور انہوں نے پارٹی سے اپنی معطلی کے متعلق ملنے والے اظہار وجوہ کے نوٹس کا جواب دے دیا ہے لیکن پارٹی کے جنرل سکریٹری کی جانب سے اب تک اس وضاحت کو درست یا غلط قرار نہیں دیا گیا ہے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی رکنیت اب بھی معطل ہے۔


خبر کا کوڈ : 48171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش