0
Sunday 1 Nov 2015 22:51

ملک میں انتخابی نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، پرویز رشید

ملک میں انتخابی نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، پرویز رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید نے بلدیاتی الیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا معاشرہ جمہوری طرزعمل اختیار کرتا جا رہا ہے، اس لئے ہمیں انتخابی نظام پر اعتماد رکھتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روزپنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات مجموعی طور پر پرامن ماحول میں ہوئے اور عوام نے اپنا حق رائے دہی پرسکون انداز میں استعمال کیا، خیبر پختون خوا میں ہونے والے انتخابات کی تصویری جھلک بھی میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچی تھی، خیبر پختون خوا کے وزیر بیلٹ باکس اپنی گاڑی میں رکھتے ہوئے پکڑے گئے، اسلحے کے زور پر انتخابی نتائج کو چوری کیا گیا، بلدیاتی انتخابات میں ایک نوجوان کی جان بھی چلی گئی اور قتل کا مقدمہ میاں افتخار پر بنا دیا گیا۔ حتیٰ کہ عمران خان کو پریس کانفرنس کے ذریعے خود یہ کہنا پڑا کہ انتخابات کو دوبارہ ہونا چاہئے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی حکومت قانون کی بالا دستی کو یقینی بناتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے قریبی ساتھیوں اوررشتہ داروں کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی، ان کے نزدیک قانون کے نفاذ کےلئے کسی کےلئے کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہونے والے بلدیاتی انتخابات، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات اور ضمنی انتخابات کے نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ 2013 میں ہونے والے عام انتخابات ماضی کے مقابلے میں بہت شفاف اور منصفانہ تھے، کیوں کہ ایک ہی جیسا نتیجہ بار بار نہیں آتا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ جمہوری طرزعمل اختیار کرتا جا رہا ہے، بار بار انتخابات سے انتخابی نظام کی ساکھ بہتر ہو گئی ہے، ہمیں اپنے انتخابی نظام پراعتماد رکھتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، سڑکوں اور میڈیا پر آکر اپنے انتخابی نظام کو تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کرنا چاہئے، ہماری سیاست کا محور اپنے انتخابی نظام کو گالیاں دینے کے بجائے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے، توانائی بحران اور قانون کے نفاذ کے لئے کوششوں کو تیز کرنا چاہیئے اور دیگر تمام مسائل کے حل کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 495088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش