0
Saturday 26 Feb 2011 08:14

اسلام آباد،ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی مشرق وسطیٰ میں اسلامی بیداری کی حمایت میں ریلی

اسلام آباد،ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی مشرق وسطیٰ میں اسلامی بیداری کی حمایت میں ریلی
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی قیادت میں مختلف سماجی اور مذہبی جماعتوں نے مشرق وسطیٰ کی حمایت اور ریمنڈ ڈیوس کی متوقع رہائی کیخلاف ریلی نکالی۔ جن میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، انجمن جانثاران اہل بیت اور انجمن دعائے زہرا شامل تھیں۔ امام بارگاہ اثنا عشری سے نکالی گئی ریلی چائنہ چوک پر اختتام پذیر ہو ئی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لیبیا، بحرین، یمن، اردن کے مظلوم مظاہرین کے حق میں اور ریمنڈ ڈیوس کی ممکنہ رہائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ 
ریلی کے شرکاء سے مولانا اصغر عسکری مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب، فدا شاہ، تقی حیدر، زاہد جعفری، علامہ حسین مبلغی نے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا اصغر عسکری نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں بیداری کی لہر کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور صاف شفاف جمہوریت کے حامی ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے لوگوں کو ان کا حق رائے دہی ملنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے لوگ عرصہ دراز سے ظلم و بربریت کی چکی میں پس رہے ہیں اور اب کوئی بھی طاقت ان کو اپنے مقاصد کے حصول سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ مولانا اصغر عسکری نے مزید کہا کہ سانحہ گرجا روڈ ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش تھی جسے ذمہ دار لوگوں نے ناکام بنایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ گرجا روڈ کے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں۔
 راولپنڈی کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل فدا حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے مظاہرین پر ظالمانہ تشدد قابل مذمت ہے اور یہ خونریزی ظالم حکمرانوں کے لیے تباہی کا پیغام لے کر آئے گی اور ان حکمرانوں کا انجام بھی تیونس اور مصر کے حکمرانوں سے مختلف نہ ہو گا۔ ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل راولپنڈی سید فدا شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی قاتل ریمنڈ ڈیوس کی ممکنہ رہائی قابل تشویش ہے اور حکمران قوم کی عزت کا جنازہ نکالنا چاہتے ہیں۔ اس کی رہائی ملکی سالمیت، عزت اور وقار کے منافی ہے اور اس کے ساتھ پاکستانی قانون کے مطابق سلوک ہونا چاہیے۔
 امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر تقی حیدر نے کہا کہ ملک میں پروان چڑھتی دہشتگردی کی وجہ سے وطن عزیز کئی مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشتگردی سے پاک کرنے اور حکمت عملی طے کرنے کیلئے اے پی سی طلب کی جائے اور متفقہ طور پر لائحہ عمل طے کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 56362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش