0
Monday 21 Mar 2011 00:35

ہم صرف ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور ملک کے استحکام کی خاطر اپنے کارکنان کی ہلاکتیں برداشت کر رہے ہیں،ڈاکٹر فاروق ستار

ہم صرف ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور ملک کے استحکام کی خاطر اپنے کارکنان کی ہلاکتیں برداشت کر رہے ہیں،ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی:اسلام ٹائمز۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہمیں جمہوری عمل کو فروغ دینے اور ملک کو مستحکم کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، صدر آصف علی زرداری ایم کیو ایم کے کارکنان، ہمدردوں اور کراچی کے شہریوں کی قتل و غارتگری میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ صدر نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ منشیات فروش، لیاری گینگ وار، بھتہ مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف فوری طور پر سخت ترین کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی اور شہر میں قیام امن کیلئے ذمہ داری قبول کی تھی تاہم صدر مملکت جناب آصف علی زرداری کی کراچی میں موجودگی کے باوجود اُن کی رٹ کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فاروق ستار نے اتوار کی شام خورشید بیگم میموریل بلڈنگ عزیزآباد میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان کنور خالد یونس، وسیم آفتاب، اشفاق منگی، شاہد لطیف، یوسف شاہوانی اور گلفراز خان خٹک کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی اور معاشرتی شہ رگ کو دہشت گردی، قتل و غارت گری، بھتہ خوری، پرچی مافیا، لینڈ مافیا اور جرائم پیشہ منشیات فروشوں کے ذریعے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کی شہ رگ کو بچانے کیلئے ملک بھر کے عوام، صنعت کاروں، تاجروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو فیصلہ کن مراحل کا سامنا کرنا ہو گا، آخرہم کب تک ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی مصنوعی اکسیجن پر چلتے رہینگے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کارکنان، ہمدردوں اور شہریوں کی ہلاکت پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے تاہم ایم کیو ایم کے کارکنان، ہمدردوں اور حق پرست عوام سے ہر حال میں پر امن رہنے کی اپیل کی ہے، آج لوگ ہم سے سوال کر رہے ہیں اور ہم پر سخت دباؤ ہے لیکن ہم صرف اور صرف صدر آصف علی زرداری کی جانب سے یقین دہانیوں پر فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ دہشت گردوں، جرائم پیشہ، گینگ وار اور پیپلز امن کمیٹی کا قلع قمع کرنا اب صدرکی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز امن کمیٹی کو ختم کرنے کیلئے عملی کام ہوتا تو آج اس کے نتائج کچھ اور ہوتے۔ پیپلزامن کمیٹی، گینگ وار اور جرائم پیشہ دہشت گردوں کو کراچی کے شہریوں پرمسلط کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت تمام ارباب اقتدار و اختیار سے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں، ہمدردوں اور شہریوں کی شہادتوں اور ایم کیو ایم کے دفتر پر دستی بموں سے حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے اور ان قاتلوں کی سرپرستی اور حمایت کرنے والے عناصر کے خلاف بھی بھر پور کارروائی کی جائے۔

خبر کا کوڈ : 60685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش