0
Tuesday 26 Dec 2017 03:42

کراچی کے نزدیک پاک فضائیہ کے نئے آپریشنل بھولاری ایئر بیس کا افتتاح

کراچی کے نزدیک پاک فضائیہ کے نئے آپریشنل بھولاری ایئر بیس کا افتتاح
اسلام ٹائمز۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر کراچی کے نزدیک بھولاری ایئر بیس کا افتتاح کر دیا گیا۔ ترجمان پاکستان ایئر فورس کے مطابق قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں کراچی کے قریب پی اے ایف کے نئے آپریشنل بھولاری ایئر بیس کا افتتاح کر دیا گیا، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر 4 ایف سولہ طیاروں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے فلائی پاس کیا، جبکہ بیس کمانڈر نے شرکاء کو انفرا اسٹرکچر اور مختلف سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کا کہنا تھا کہ بھولاری بیس ایک اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، بھولاری بیس سے پی اے ایف کی زمین پر اور سمندر میں صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی، بیس کے قیام سے پی اے ایف پاک فوج کے زمینی آپریشنز کی مؤثر انداز میں مدد کر سکے گی، پاک نیوی کے آپریشنز کے حوالے سے بھی یہ ایئر بیس معاون ثابت ہوگا۔ ایئر چیف کا کہنا تھا کہ بھولاری ایئربیس ملک کے فضائی دفاع کے علاوہ سی پیک منصوبوں کے تحفظ کیلئے بھی کلیدی کردار ادا کرے گا اور اس سے علاقے کی ترقی، صحت و تعلیم کے شعبوں میں خدمات اور مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 692529
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش