0
Wednesday 4 May 2011 12:36

اسامہ کی موجودگی سے لاعلمی باعث شرمندگی ہے، آئی ایس آئی افسر

اسامہ کی موجودگی سے لاعلمی باعث شرمندگی ہے، آئی ایس آئی افسر
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے ایک افسر نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی موجودگی ادارے کیلئے سخت ہزیمت کا باعث بنی ہے، اسامہ کی موجودگی سے لاعلمی باعث شرمندگی ہے، ادارے کی کارکردگی اچھی ہے، لیکن ہم خدا نہیں، اسامہ بن لادن کی 12 سالہ بیٹی پاکستانی حکام کی تحویل میں ہے، اس نے امریکیوں کو اپنے والد کو گولی مارتے دیکھا تھا، کارروائی کے دوران گھر میں 17 سے 18 لوگ موجود تھے، امریکی ہیلی کاپٹر تباہ نہ ہوتا تو امریکی کمانڈوز تمام افراد کو ساتھ لے جاتے۔ 
اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی ایس آئی کے افسر نے بتایا کہ جس مکان میں اسامہ بن لادن پناہ لیے ہوئے تھے، انہیں اس کے بارے میں 2003ء سے پتہ تھا۔ آئی ایس آئی کے ایک افسر نے بتایا کہ 2003ء میں جب یہ مکان زیرتعمیر تھا اس پر القاعدہ کے ایک اور رہنما ابو فراج اللبی کی تلاش میں چھاپہ مارا گیا تھا، جو اس وقت کے سربراہ حکومت جنرل مشرف پر قاتلانہ حملے کے الزام میں مطلوب تھے، تاہم بعد ازاں اس مکان کی نگرانی کا سلسلہ ختم کر دیا گیا اور اب پاکستانی خفیہ ادارے یہ نہیں جانتے تھے کہ وہاں اسامہ بن لادن موجود ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ انکشاف پاکستانی خفیہ ادارے کیلئے باعث شرمندگی ہے کہ اسامہ بن لادن پاکستان کے اس علاقے میں موجود تھا اور وہ اس سے لاعلم تھے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ہم کارکردگی میں اچھے ہیں لیکن ہم خدا نہیں۔ 
آئی ایس آئی کے ایک اہلکار نے صحافیوں کی بتایا کہ امریکی صرف اسامہ بن لادن کی لاش اور ایک دوسرے شخص کو جو شاید اسامہ بن لادن کے بیٹے تھے، زخمی حالت میں اپنے ساتھ لے گئے۔ کارروائی کے دوران اس کمپاوٴنڈ میں متعدد بچے اور عورتیں موجود تھے جن کے ہاتھ باندھ دیے گئے تھے۔اس حملے میں جو افراد بچ گئے ان میں اسامہ بن لادن کی ایک بیوی، ایک بیٹی اور آٹھ سے نو بچے۔ ایک لڑکی کے علاوہ باقی بچے بظاہر اسامہ بن لادن کے نہیں۔ حکام کے مطابق آئی ایس آئی نے اسامہ بن لادن کی بیوی سے بھی بات چیت کی ہے، جنہوں نے ہوش میں آنے کے بعد بتایا کہ وہ یمنی نژاد ہیں اور وہ لوگ اس گھر میں کچھ ماہ پہلے ہی منتقل ہوئے تھے۔ حکام کے مطابق اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن میں چار ہیلی کاپٹر استعمال ہوئے، جن میں سے دو نے لینڈنگ کی۔ آئی ایس آئی کے اہلکار نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ آپریشن سے ایک گھنٹہ پہلے پاکستانی فوجیوں نے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے پڑوسیوں کو بتیاں بجھانے کیلئے کہا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ امریکی فوجی جاتے ہوئے جن چار لاشوں کو اس مکان میں چھوڑ گئے ان میں سے ایک اسامہ بن لادن کا بیٹا، دو بھائی اور ایک سکیورٹی گارڈ تھا۔

خبر کا کوڈ : 69747
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش