0
Monday 30 May 2011 11:28

آخری وارننگ دیتا ہوں امریکا شہریوں کے قتل سے باز آجائے، حامد کرزئی

آخری وارننگ دیتا ہوں امریکا شہریوں کے قتل سے باز آجائے، حامد کرزئی
کابل،اسپین بولدک:اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے علاقوں ہلمند اور دو آب میں ناٹو افواج کے آپریشن میں عام شہریوں کی ہلاکت پر صدارتی محل بھی برہم ہو گیا ہے، افغان صدر حامد کرزئی نے واشنگٹن کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج آپریشن میں عام شہریوں کی ہلاکتوں سے باز رہیں۔ ادھر وہائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ امریکا افغان معصوم شہریوں کی ہلاکت پر افغان صدر کے خدشات کو سمجھتا ہے اور کرزئی کی تشویش کا اندازہ ہے۔ دوسری جانب اسپین بولدک میں افغان پولیس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔ 
تفصیلات کے مطابق ہلمند میں ناٹو کے فضائی حملوں میں 10 معصوم بچوں، 2 خواتین اور 2 باشندوں کی ہلاکت پر رنجیدہ صدر کرزئی کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ افغانی بچوں اور عورتوں کا قتل ہے اور ایک فاش غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور افغانی عوام کی جانب سے امریکی حکام و فوج کو ایسے واقعات کے تدارک کے لیے آخری وارننگ دے رہے ہیں۔ انہوں نے غیرمعمولی سخت لہجے میں کہا کہ امریکی افواج کا آپریشن غیرضروری اور یک طرفہ تھا، جب کہ ان کو کئی بار آگاہ کیا جا چکا ہے کہ ان کی یہ غیرضروری کاروائیاں نہ صرف معصوم جانوں کے زیاں کا سبب ہیں بلکہ انسانی اور اخلاقی اقدار کی بھی پامالی ہے۔افغان صدر نے کہا کہ یہ ان کی آخری تنبیہ ہے۔
 دریں اثناء ناٹو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سنیچر کو صوبہ ہلمند میں کاروائی کی تحقیقات کے لیے ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 12 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔ گاوں سرا کالا سے لوگوں کا ایک گروپ ہلاک ہونے والے 8 بچوں کی لاشوں کو صوبہ ہلمند کے صدر مقام لشکر گاہ لے گیا ہے۔ کابل میں بی بی سی کے کوئنٹن سومرویل کا کہنا ہے کہ لوگوں نے مقامی صحافیوں اور گورنر ہاوس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیں یہ طالبان نہیں ہیں۔ ان بچوں میں سے بعض کی عمریں 2 برس تھیں۔ ادھر افغان پولیس چیف کمانڈر جنرل عبدالرازق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افغان پولیس کی گاڑی معمول کی گشت پر جارہی تھی کہ گاڑی پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد افغان پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور زخمی اہلکاروں کو اسپین بولدک کے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب تحریک طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے اسپین بولدک میں افغان پولیس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
خبر کا کوڈ : 75540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش