0
Friday 16 Nov 2018 21:49

سچا عاشق رسول انتہا پسند اور نفرت کا سوداگر نہیں ہو سکتا، صاحبزادہ حامد رضا

سچا عاشق رسول انتہا پسند اور نفرت کا سوداگر نہیں ہو سکتا، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر عید میلادالنبی منانے کا خیرمقدم کرتے ہیں، قومی سیرت کانفرنس کو ختم نبوت سے منسوب کرنا خوش آئند ہے، سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں میلادالنبی عقیدت و احترام کیساتھ منانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، عید میلادالنبی کے موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں 10 ہزار جلوس نکالے جائیں گے۔ عید میلادالنبی کے جلسے جلوسوں کی سکیورٹی پر شدید تحفظات ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اہل سنت جماعتوں کو اعتماد میں لے کر میلادالنبی کے جلوسوں کی فُول پروف سیکورٹی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ میلادالنبی کے ہر پروگرام کو تحفظ ناموس رسالت کے عنوان سے منایا جائے گا۔ وزیراعظم عید میلادالنبی کے موقع پر ملک میں نظام مصطفے کا اعلان کریں۔ ربیع الاول کے دوران ملک بھر میں‘‘ فروغ عشق رسول‘‘ مہم جاری رہے گی۔ ولادت رسول کی خوشی میں غریب بستیوں میں کھانا، ہسپتالوں، جیلوں اور یتیم خانوں میں میلاد گفٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ عید میلادالنبی کے پروگراموں کے سلسلہ میں ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں عید میلادالنبی کی تیاریوں کے سلسلہ میں تنظیمات اہلسنت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حضور نبی کریم کی سیرت اپنانا اور میلاد منانا عاشقان رسول کی شناخت ہے۔ اطاعت رسول کے بغیر حبِ رسول کا دعوی بے معنی ہے۔ کوئی سچا عاشق رسول انتہا پسند اور نفرت کا سوداگر نہیں ہو سکتا۔ تعلیمات رسول سے امن و محبت کا درس ملتا ہے۔ حکومت عید میلادالنبی سے پہلے شہروں کی صفائی کے خصوصی انتظامات کرے۔ ربیع الاول کے دوران لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ 12 ربیع الاول کے ساتھ 11 ربیع الاول کی سرکاری چھٹی کا اعلان کیا جائے۔ 11 ربیع الاول کو بعد نماز مغرب ملک بھر میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ امت مسلمہ نبی امن و رحمت کی سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنا کر عظمت رفتہ بحال کر سکتی ہے۔ اتباع رسول ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے۔
خبر کا کوڈ : 761609
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش