0
Friday 10 Jun 2011 23:51

کالعدم تحریک طالبان اور سپاہ صحابہ نے جیلوں کے اندر قیدیوں میں اپنے نظریات کا پرچار شروع کر دیا

کالعدم تحریک طالبان اور سپاہ صحابہ نے جیلوں کے اندر قیدیوں میں اپنے نظریات کا پرچار شروع کر دیا
لاہور:اسلام ٹائمز۔ کالعدم تنظیموں تحریک طالبان اور سپاہ صحابہ پاکستان نے جیلوں کے اندر قیدیوں میں اپنے نظریات کا پرچار شروع کر دیا ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ جیلیں ان انتہا پسندوں کے لیے پرورش گاہ بن گئی ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے ”اسلام ٹائمز“ کو بتایا ہے کہ ملک کی جیلیں انتہا پسندوں کی پرورش گاہ بن گئی ہیں کیوں کہ تحریک طالبان جیسے کالعدم گروپوں نے قیدیوں میں بھی اپنے نظریات کا پرچار شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے انسانی حقوق مصطفی نواز کھوکھر نے یوسف رضا گیلانی کو ایک خط بھی بھیجا ہے جس میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اس مکتوب کی ایک نقل آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل اور وزیراعلیٰ صوبہ خیبر پختونخوا کو بھی بھیجی گئی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر مصطفی نواز کھوکھر نے چند روز پہلے ہری پور جیل کا دورہ کرنے کے بعد یہ خط وزیراعظم گیلانی کو روانہ کیا ہے۔
امریکا میں نائن الیون حملوں کے بعد ہری پور جیل توجہ کا مرکز بن گئی تھی جو صوبہ خیبر پختونخوا کی سب سے قدیم جیل ہے۔ امریکا میں نائن الیون کے بعد کئی پاکستانیوں کو افغانستان سے یہاں لایا گیا تھا جو تحریک نفاذ شریعت محمدی کے امیر مولانا صوفی محمد اور ان کے دیگر ساتھیوں اور لیڈروں کے ساتھ جہاد کرنے گئے تھے۔ نواز کھوکھر نے اپنے خط میں کہا کہ پاکستانی طالبان اور کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ پاکستان نے قیدیوں میں بھی اپنے نظریات کا پرچار شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک نجی ٹی وی چینل نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں اس صورت حال کا حوالہ دیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کے ماہر اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس سٹیڈیز کے ڈاکٹر عامر رانا کا کہنا ہے کہ یہ جیل دہشت پسندوں کی پرورش گاہ بن گئی ہے کیونکہ یہ عناصر یہاں عام قیدیوں اور بچوں کے ساتھ مقیم ہیں۔ لیکن یہاں پر جانچ پڑتال کا کوئی مناسب انتظام اور طریقہ کار بھی نہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز کھوکھر نے ہری پور جیل کے بچوں کے وارڈ کا دورہ کے دوران دیواروں پر کئی ایسے نعرے تحریر کئے ہوئے اور پوسٹر آویزاں دیکھے جن میں طالبان اور سپاہ صحابہ کی ستائش کی گئی تھی۔ وہاں دونوں کالعدم تنظیموں کے نظریات کی ستائش کرنے والی کتب بھی موجود پائی گئیں۔ مصطفٰی کھوکھر نے جو وفاقی وزیر کا درجہ رکھتے ہیں، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ہری پور جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو برطرف کر دینے کی سفارش کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 77996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش