0
Friday 19 Apr 2019 23:06

عمران خان ترجیحات بدلیں چہرے بدلنے سے کچھ نہیں ہوگا، ثروت اعجاز قادری

عمران خان ترجیحات بدلیں چہرے بدلنے سے کچھ نہیں ہوگا، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام کا خون نچوڑ کر وزیر خزانہ کو ہٹایا گیا، غریب دشمن فیصلے معطل کئے جائیں، گیس، بجلی اور ادویہ کی قیمتوں میں ڈیڑھ سو فیصد اضافہ اور ملک میں بلند ترین مہنگائی ہوئی ہے، عوام دوست پالیسیوں کو پست پشت ڈال کر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اشاروں پر پالیسیاں بنائی گئیں، عوام کو ریلیف دینے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، عوام کو مزید مشکلات میں مبتلا کیا گیا، ریاست مدینہ طرز حکمرانی تو عوام کو تمام تر سہولیات فراہم کرتی ہے، مگر موجودہ پالیسیاں عوام دشمنی پر مبنی تھیں، اسد عمر کے مہنگائی کرنے کے تمام احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزارتوں کی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ قرضوں کے بجائے سرمایہ داروں کو ملک میں سرمایہ کاری، انڈسٹریز لگانے کے مواقع اور مکمل تحفظ دیا جائے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ وزارتوں میں تبدیلی سے کام نہیں چلے گا، پالیسی عوام دوست بنانے کیلئے بیرونی مداخلت کو مسترد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ترجیحات بدلیں، چہرے بدلنے سے کچھ نہیں ہوگا، سسٹم کو بہتر اور کرپشن کو ختم کرکے آگے بڑھنا ہوگا، حکومت کو اب بھی مشورہ دے رہے ہیں، اگر معاشی طور پر عوام کو ریلیف دیا جائے، بجلی، گیس، ادویہ کو سستا اور ضرورت اشیا کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے موجودہ حکمرانوں پر جو اعتماد کیا تھا، اسے ٹھیس پہنچی ہے، حکومت کے پاس وقت ہے کہ وہ عوام میں اپنا اعتماد بحال کرنے کیلئے عوامی سوچ و امنگ کے تحت کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وقار کو بلند کرنا ہے تو بیرونی قرضوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی، بیرونی قرضے کسی طور بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہیں، ملک کی تاریخ میں جتنے بھی قرضے لئے گئے، اس کا بوجھ غریب عوام کو ہی اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل پر انحصار کرکے ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کو نئی لگن کے ساتھ جدوجہد کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 789558
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش