0
Thursday 23 Jun 2011 20:13

خون کا عطیہ دے کر ہم بے نظیر سے عقیدت کا اظہار کریں، سید پیر کرم علی شاہ

خون کا عطیہ دے کر ہم بے نظیر سے عقیدت کا اظہار کریں، سید پیر کرم علی شاہ
گلگت:اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان سید پیر کرم علی شاہ نے پیپلز سیکرٹریٹ خزانہ روڈ میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ پر خون کے عطیات دینے کے موقع پر کہا کہ بے نظیر بھٹو سے اظہار عقیدت کیلئے اس سے موزوں طریقہ نہیں جو کہ کارکن خون کے عطیات دیکر کر رہے ہیں، بے نظیر ایشیاء کی عظیم رہنما تھیں۔ بے نظیر بھٹو کی 58ویں سالگرہ ان کے بغیر منانا ہماری بدقسمتی ہے، بالخصوص گلگت بلتستان کے عوام کی چونکہ بے نظیر بھٹو گلگت بلتستان کے عوام سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے قائد کی بھرپور انداز میں سالگرہ منا کر ثابت کیا ہے کہ جیالے اور پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم انداز میں اپنے قائدین کو یاد کرتی ہے، کارکنوں نے سالگرہ کے موقع پر خون کے عطیات دیکر اپنی عظیم قائد کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، دختر ایشیاء اگر زندہ ہوتی تو ملک اس وقت بحرانوں سے نجات پا چکا ہوتا، الحمداللہ صدر آصف علی زرداری بے نظیر کے مشن پر عمل پیرا ہو کر قومی یکجہتی کے تحت مفاہمتی سیاست کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ہم ان کے انداز حکومت اور طرز عمل پر اُنہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
 دریں اثناء سکرٹریٹ میں دن کا آغاز بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے دُعاوں، ملکی سلامتی و یکجہتی اور استحکام پاکستان کی خصوصی دُعاوں کے ساتھ ہوا۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں، کارکنوں اور رہنماوں کی پیپلز سکریٹریٹ آمد سے ایک یکجہتی کی فضاء قائم ہوئی، جیالوں اور کارکنوں نے خون کے عطیات دے کر پیپلز پارٹی کی چئیرپرسن سے اظہار یکجہتی کیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی خواتین ونگ نے بھی بھرپور شرکت کر کے بے نظیر کی سالگرہ میں اپنا حصہ ڈالا اور خواتین نے بھی خون کے عطیات دیئے۔
خبر کا کوڈ : 80644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش