0
Friday 3 Jan 2020 22:49

جماعت اسلامی کا کراچی کے مسائل کے حل کیلئے عوامی رابطہ مہم کا فیصلہ

جماعت اسلامی کا کراچی کے مسائل کے حل کیلئے عوامی رابطہ مہم کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر صدارت ادارہ نور حق کراچی میں جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران اور امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کراچی میں گیس کے بحران، بجلی کے نرخوں میں اضافے، ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی اور پانی کی قلت سمیت دیگر بلدیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی، شہر بھر میں بینرز آویزاں کیے جائیں گے، مساجد اور اہم عوامی مقامات پر ہینڈ بلز تقسیم کیے جائیں گے اور پورے شہر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر نہیں بلکہ مسائلستان بن چکا ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، گیس کی لوڈشیڈنگ، پانی اور ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کے الیکٹرک کے صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر 21 ارب روپے کے چارجز لگا کر عوام پر بدترین ظلم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید سرد موسم میں بھی کراچی کے عوام پینے کے پانی سے محروم ہیں، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے بعض علاقوں میں کئی مہینوں سے پانی نہیں آیا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کراچی کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے منتخب ہونے والے ایم این اے اور ایم پی اے اسمبلیوں میں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران بڑے پیمانے پر عوامی رابطے کیے جائیں گے، اس سلسلے میں مزید تفصیلات طے کرنے کے لیے جمعہ 10 جنوری کو ہر سطح کے ناظمین کا اجلاس بلایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 836361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش