0
Monday 11 Jul 2011 14:12

پیپلز پارٹی کے وفد کی پیر مظہرالحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات

پیپلز پارٹی کے وفد کی پیر مظہرالحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سینئر وزیر صوبہ سندھ پیر مظہرالحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح صوبے بالخصوص کراچی میں امن کا قیام ہے، متحدہ سے اتحاد کا مقصد بھی یہی تھا اور تین سال سے انکی ہر بات کو اسی لیے تسلیم کیا، مگر کراچی میں امن قائم نہیں ہو سکا۔ کراچی میں امن کے قیام اور کمشنری نظام کے نفاذ کے لئے جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے تعاون حاصل کریں گے۔ وہ جماعت اسلامی کراچی کے مرکز ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو، پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر، کراچی کے صدر نجمی عالم، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر وقار مہدی اور راشد ربانی بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امرا برجیس احمد، ڈاکٹر واسع، نصراللہ شجیع، حافظ نعیم، سابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی اور دیگر نے پیپلز پارٹی کے وفد کا ادارہ نور حق پہنچنے پر استقبال کیا۔
پیر مظہر نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی ایک منظم سیاسی جماعت ہے اور سیاست میں اس کا مثبت رول رہا ہے، ہم نئے حالات میں جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں سے بات چیت کر رہے ہیں، بات چیت کا راستہ ہم نے ہمیشہ کھلا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں ہم اکثریت میں تھے، اس کے باوجود ہم نے متحدہ سے اتحاد کیا اور اس کی بنیادی وجہ کراچی میں امن کو قائم رکھنا تھا مگر ہماری مصلحت کو کمزوری سمجھ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کمشنری نظام کے قانون سازی میں جماعت اسلامی کی تجاویز پر عمل کیا جائیگا۔ اس موقع پر محمد حسین محنتی نے شہر میں امن کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم آرڈیننس کا جائزہ لینے کے بعد باہم مشورے سے کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بلدیاتی ادارے عوامی خدمت کا مظہر ہوں، صوبے میں امن اور عوام کی فلاح و بہبود کے ہر اقدام کی جماعت اسلامی حمایت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 84275
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش