0
Friday 15 Jul 2011 20:03

پاکستان امریکی ٹرینرز کو ویزے دینے پر راضی، امریکہ کا فوجی امداد جاری کرنے کا عندیہ

پاکستان امریکی ٹرینرز کو ویزے دینے پر راضی، امریکہ کا فوجی امداد جاری کرنے کا عندیہ
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ آئی ایس آئی کے سربراہ احمد شجاع پاشا کے دورے کے دوران امریکہ نے پاکستان کی فوجی امداد جاری کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ امریکی ٹرینرز کیلئے پاکستانی ویزوں کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے اور جلد امریکی ٹرینرز فوجی سازوسامان کے ساتھ پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کے حالیہ دورے میں امریکہ کی طرف سے امداد کے اجراء کا عندیہ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کیلئے اسی کروڑ ڈالر کی امریکی فوجی امداد دو حصوں پر مشتمل ہے۔ لاجسٹک کی مد میں تیس کروڑ ڈالر جبکہ فوجی سازوسامان اور تربیت کی مد میں پچاس کروڑ ڈالر جلد جاری کر دیئے جائیں گے۔ امریکہ نے پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد کی نگرانی پر آنے والے تیس کروڑ ڈالر کے اخراجات پر کچھ اعتراضات کئے تھے، جن کا پاکستان نے تسلی بخش جواب دے دیا ہے اور اس ضمن میں اطمینان کے بعد امداد جاری کی جا رہی ہے۔ 
امداد کا دوسرا حصہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی تربیت اور فوجی سازوسامان کیلئے مختص ہے۔ امریکہ ٹرینرز نے جدید اسلحہ لے کر پاکستان آنا تھا اور سکیورٹی فورسز کو اسلحے کی تربیت بھی دینی تھی لیکن دونوں ملکوں کے درمیان گذشتہ تین چار ماہ سے خراب چلے آنے والے تعلقات کے سبب ٹرینرز کو ویزے جاری نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے وہ پاکستان نہیں آ سکے۔ ٹرینرز کے نہ آنے کی وجہ سے فوجی سازوسامان بھی پاکستان نہیں آ سکا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان فوجی ٹرینرز کیلئے ویزوں کا مسئلہ بھی حل کر لیا گیا ہے اور جلد یہ ٹرینرز فوجی سازوسامان کے ساتھ پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے اور اس طرح مجموعی طور پر اسی کروڑ ڈالر کی امداد پاکستان کو مل جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 85235
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش