0
Thursday 28 Jul 2011 20:15

جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کا قلع قمع کرے گی، وسیم اختر

جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کا قلع قمع کرے گی، وسیم اختر
لاہور:اسلام ٹائمز۔ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کے غیر اعلانیہ دورانیے کو ختم کر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ اشیاء خورد و نوش پر سبسڈی اور نرخوں میں استحکام پیدا کیا جائے تاکہ روزہ دار تمام معاشی فکروں سے آزاد ہو کر اللہ کی عبادت کر سکیں، جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کا قلع قمع کرے گی۔ ہماری جدوجہد کا مرکز قرآن پاک کی تعلیمات کا نفاذ اور خدمت خلق ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جما عت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر غلام نبی فائی کی مظلوم کشمیریوں کے لئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔ جماعت اسلامی کشمیر یوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گی۔ پاک بھارت مذاکرات اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتے، جب تک مسئلہ کشمیر کو سرفہرست نہیں رکھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی شروع کر کے پوری دنیا کو غلط تاثر دیا ہے۔ اداروں کے تصادم میں ملک کی سلامتی داؤ پر لگ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر کرپٹ حکمرانوں کا راج ہے ہر شخص پریشان ہے، کرپشن نے اداروں کی بنیادیں تک ہلا کر رکھ دیں ہیں۔ قانون کی بالا دستی سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ مزدور،محنت کش اور غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
مسلم لیگ (ن) فرینڈلی اپوزیشن کرنے پر پوری قوم سے معافی مانگے۔ قیادت کی تبدیلی کے لئے عوام جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لئے کچھ نہیں کر رہی۔ صحافی شیری پر قاتلانہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ صحافیوں کے لئے پاکستان خطرناک ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 87923
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش