0
Wednesday 11 Nov 2020 17:08

اسلام آباد میں مزید 5 تعلیمی ادارے سیل کر دیے گئے

اسلام آباد میں مزید 5 تعلیمی ادارے سیل کر دیے گئے
اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 5 تعلیمی ادارے سیل کردیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے ایک تعلیمی ادارے کو دوبارہ سیل کر دیا گیا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز مارگلہ کیمپس ایف 7 فور میں کورونا کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز لکھوال میں 2 کیسز، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز نلور میں 2 کیسز، اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز جی ٹین ون میں 2 کیسز  اور اسلام آباد ماڈل اسکول فار بوائز جی 7 تھری-ون میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق کورونا کیسز رپورٹ ہونے والے تمام تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا کیسز کے سامنے آنے پر اب تک اسلام آباد میں 79 تعلیمی ادارے سیل کیے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے سینما، تھیٹرز اور مزارات فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ عوامی مقامات بند کرنے کی سفارش کی ہے۔ این سی اور سی کی جانب سے مزارات کو بھی فوری بند کرنے اور ریسٹورنٹس پر رات 10 بجے تک باہر بیٹھ کر کھانا کھانے اور کھانا گھر لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ این سی او سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ فوری اقدامات کا تقاضہ کررہا ہے، بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز کے بعد کورونا کیسز میں 3 گنا اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت پوری قوم کو کورونا کی روک تھام کے اقدامات کرنے کا پیغام دے، اس فیصلے کیلئے این سی او سی میں اتفاق رائے کی ضرورت ہے، اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث سفارشات پر عمل تاخیر کا شکار ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان شریک ہوئے جب کہ وزیر تعلیم شفقت محمود اور سیکریٹری صحت عامر خواجہ نے بھی شرکت کی۔ این سی اوسی اجلاس میں کورونا ایس اوپیز پر بریفنگ دی گئی اور 16 شہروں میں بڑھتے کورونا کیسزکی شرح کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کورونا کیسزکا بھی جائزہ لیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 897212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش