0
Friday 19 Aug 2011 17:54

حکومت مفاہمت کی پالیسی کو غلامی کا طوق بنانے سے گریز کرے، شاہی سید

حکومت مفاہمت کی پالیسی کو غلامی کا طوق بنانے سے گریز کرے، شاہی سید
کراچی:اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر و چیئرمین پختون ایکشن کمیٹی شاہی سید نے باچا خان مرکز کراچی سے جاری بیان میں کہا ہے کہ اختیارات کی جنگ کیلئے لاشوں کی سیاست کا خاتمہ کرکے عوام کی حالت زار پر رحم کیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام بخوبی آگاہ ہیں کہ یقینی طور پر دو جماعتوں کے درمیان باہمی مطالبات تقاریر کے تنازعات سے بڑھ کر ہیں۔ حکومتی ادارے کیونکر اپنے فرائض کماحقہ سر انجام نہیں دے رہے۔ آخر ایسی کیا مجبوری ہے کہ انسانی زندگی سے بڑھ کر سیاسی احکامات فرض کا درجہ بن گئے ہیں۔ عوام ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتی ہے کہ دونوں جماعتیں اپنے تنازعات و مطالبات باہمی مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل کرلیا کریں۔ اب تک ہزاروں بے گناہوں کا خون سیاسی مصلحت اور مفادات کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ارباب اختیار بس عوام کو یہ بتا دیں کہ سندھ کی تقسیم کے معاہدے کے بعد مزید کیا خفیہ معاہدے طے ہو رہے ہیں؟ ایک ایک دن میں پچاس پچاس بے گناہوں کا قتل عام، اغوا اور پرچیاں لکھ کر امن یا جنگ کی دھمکیاں دینا سیاست نہیں بلکہ سفاکیت ہے۔
شاہی سید نے مزید کہا رسمی بیانات دیکر ارباب اختیار اپنے فرائض سے بری الذمہ ہو جاتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنان اگر گرفتار ہوئے ہیں تو تمام ٹارگٹ کلرز کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے، تاکہ سیاسی جماعتوں میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جاسکے کیونکہ ہر مجرم خود کو بچانے کے لئے سیاسی پناہ حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مفاہمت کی پالیسی کو غلامی کا طوق بنانے سے گریز کیا جائے۔ شاہی سید نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ اب بھی وقت ہے کہ کراچی کو اسلحے کے ڈھیر سے صاف کرنے کیلئے حکومت محدود مدت تک کیلئے کراچی میں بلا امتیاز آپریشن کیلئے پاک فوج کی مدد طلب کرے۔ شاہی سید نے حکومت سے اپیل کی امن لانے کیلئے خواب غفلت سے بیدار ہو کر وزارتیں دینے کے بجائے امن کے لئے عملی اقدامات کی جانب توجہ دیں۔
خبر کا کوڈ : 93049
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش