0
Wednesday 4 Aug 2021 19:05

کراچی میں ڈاکوؤں کی منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ، لاکھوں لوٹ لیے، 2 افراد قتل

کراچی میں ڈاکوؤں کی منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ، لاکھوں لوٹ لیے، 2 افراد قتل
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے بفرزون میں ڈی سی آفس کے قریب منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، ڈاکو کیش سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بفرزون ڈپٹی کمشنر آفس کے قریب 6 ڈاکوؤں نے واردات کے دوران منی چینجر کی ایک وین پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کر دیا، اور کیش لوٹ کر 3 موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، کیش وین میں لوٹ مار کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور تفتیش شروع کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہونے والوں میں ایک سیکیورٹی گارڈ اور ایک کیشیئر شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات 3 موٹر سائیکلز پر سوار 6 ملزمان نے کی، عینی شاہدین کے بیانات پر پولیس ٹیم ملزمان کی تلاش میں روانہ ہوگئی۔

ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا بینک کلائنٹ نے 6 ہزار ڈالر اپنے اکاؤنٹ میں منگوائے، منی چینج والے بدلے میں کیش لینے بینک آئے تھے، پاکستانی روپے میں رقم 9 لاکھ 85 ہزار روپے تھی، ڈاکوؤں نے واردات سے پہلے گاڑی پر فائرنگ کی، پہلے کمپنی کے ملازمین کو زخمی کیا اور پھر کیش چھین کر 3 ون ٹو فائیو پر فرار ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سی سی ٹی وی فوٹیج ہمیں ملی ہے، جس میں کچھ واضح نہیں، بینک کے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی چیک کر رہے ہیں، کچھ مثبت پیش رفت ہوئی مگر ابھی شیئر نہیں کر سکتے، کچھ اطلاعات ہیں کہ کون سے گروہ ایسے کام کر رہے ہیں۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ بڑی رقم منتقل کرنے کی ایس او پی فالو نہیں کی گئی، ہائی روف وین میں رقم منتقلی کی اطلاع ہمیں نہیں دی گئی تھی، واقعے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے، جلد اس کیس کو حل کر لیں گے، معلومات لیک ہوئی ہے تب ہی یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق کیش وین میں 4 افراد سوار تھے، فائرنگ سے کیشیئر اور ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوا، اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی، جبکہ ایک ملازم صحیح سلامت ہے، معلومات کے حصول کیلئے پولیس کی دوسری ٹیم نجی بینک گئی، معلوم ہوا کہ کیش وین نے ایک جگہ سے 6 ہزار ڈالر لیے اور بینک میں جا کر شہری کو دیئے۔ ایس ایس پی وسطی کے مطابق وین سے ساڑھے 9 لاکھ روپے کے قریب رقم لوٹی گئی۔
خبر کا کوڈ : 946797
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش