0
Sunday 9 Aug 2009 10:30

قوم امریکہ کو خطے سے نکالنے کیلئے اُٹھ کھڑ ی ہو،امریکا مخالف اتحاد کو خوش آمدید کہیں گے،منور حسن

قوم امریکہ کو خطے سے نکالنے کیلئے اُٹھ کھڑ ی ہو،امریکا مخالف اتحاد کو خوش آمدید کہیں گے،منور حسن
لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ لمحہ تاریخ ایسے اتحاد کا منتظر ہے کہ جو ” گو امریکا گو “ کے حوالے سے قائم کیا جائے ۔ ہم ایسے اتحاد کو خوش آمدید کہیں گے جو اینٹی امریکا ہو ۔متحدہ مجلس عمل جن حالات میں بنی تھی موجودہ صورتحال اس سے مختلف ہے ۔ ملک میں امریکا کسی چور اور قاتل کو بھی قتل کرے تو قابل مذمت ہے ۔ انہو ں نے یہ بات جامع مسجد منصورہ میں دورہ تفسیر قرآن کریم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ سید منور حسن نے کہا کہ امریکا ہماری آزادی و خود مختاری پر براہ راست حملہ آور ہے ۔ این آر او زدہ حکمران امریکا کے آگے سرنڈر کیے ہوئے ہیں ۔ پاکستانی عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس خطے سے امریکا کو نکالنے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور گو امریکا گو تحریک کا ساتھ دیں، تا کہ پرامن جدوجہد کے ذریعے حکمرانوں پر دباﺅ بڑھایا جائے اور امریکا کو بھی یہاں سے نکلنے پر مجبور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا امریکی سفارتخانہ جس طرح وسعت کے مراحل طے کر رہا ہے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں امریکا کی بہت بڑی چھاﺅنی بنائی جا رہی ہے ۔ امریکی سفارتخانے کے اسٹاف میں ایک ہزار افراد کا اضافہ جن میں 4 سو جنگجو بھی شامل ہیں جو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہوں گے اور جن کے لیے 18 ایکڑ پر وسیع کالونی بنائی جار ہی ہے،اس سے پہلے تربیلا کے مقام پر امریکی متحرک نظر آتے ہیں ۔ پینٹاگون نے جو رپورٹس جاری کی ہیں کہ پاکستانی ایٹمی ہتھیار غیر محفوظ ہاتھوں میں ہیں انہیں محفوظ ہاتھوں میں دینا امریکا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے اس کے بعد تو اس بات میں کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہ جاتا کہ یہ سارا منصوبہ کہوٹہ کے ایٹمی پروگرام پر قبضہ کرنے کے لیے ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ امریکی سفارتخانے کو میرین لانے کی اجازت نہ دے اور تعمیرات کو بھی روک دے ۔ پوری قوم اس وقت شدید غم و غصے کی حالت میں ہے انہوں نے کہا کہ ہم امریکا سے بھی یہ بات کھل کر کہنا چاہتے ہیں کہ اس طرح کی کارروائی پورے خطہ کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ امریکا جس طرح افغانستان میں ہزیمت سے دوچار ہے یہاں بھی وہ ناکامی سے دوچار ہو گا ۔منور حسن نے کہا کہ ڈرون حملے سو فیصد قابل مذمت ہیں ۔یہ ہماری آزادی و خود مختاری پر حملے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کا یہ دعویٰ کہ بیت اللہ محسود پاکستانی حملے میں جاں بحق ہوا ہے مضحکہ خیز ہے ۔دریں اثنا سید منور حسن نے جامع مسجد منصورہ میں دورہ تفسیر قرآن کریم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج پوری دنیا میں معرکہ حق و باطل برپا ہے ۔ امریکا اور یورپ دین اسلام سے خوفزدہ نہیں بلکہ سیاسی اسلام سے خطرہ محسوس کرتے ہیں ۔ امریکی صدر ہر سال ماہ رمضان میں امریکی مسلمانوں کے اعزاز میں افطار ڈنر اور عید کے موقع پر عید ملن پارٹی کا اہتمام کرتا ہے لیکن وہ دین اسلام کو زندگی کے تمام پہلوﺅں پر لاگو کرنے کے خلاف ہے ۔ دین اسلام خاندان سے لے کر معاشرے تک کے تمام مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔



 
خبر کا کوڈ : 9488
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش