0
Saturday 23 Oct 2021 19:02

ایم ڈبلیو ایم کا ایڈیشنل کمشنر فیصل آباد ایوب بلوچ کو معطل کرنے کا مطالبہ

سرکاری افسران امن مخالف تقاریر کرینگے تو امن کیسے قائم ہوگا، علامہ عبدالخالق اسدی
ایم ڈبلیو ایم کا ایڈیشنل کمشنر فیصل آباد ایوب بلوچ کو معطل کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں صوبائی کابینہ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارک اُمت مصطفیٰ کیلئے نقطہ اتحاد ہے، پاکستان بھر میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام و مشائخ اور حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے درمیان پیار اور محبت و اخوت کو فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں اسلام آباد کنونشن سینٹر میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے 17 ربیع الاول 24 اکتوبر بروز اتوار "عشقِ پیغمبر اعظم مرکزِ وحدتِ مسلمین" کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا جبکہ حکومت وقت کی جانب سے عشرہ رحمت اللعالمین کا انعقاد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کو یکجا کرنے کیلئے احسن اقدام ہے اور دوسری جانب سرکاری آفیسر ایک پورے مکتب پر کفر کا فتویٰ صادر کرکے اتحاد امت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش کر رہا ہے اور ملک میں مسلکی حوالے سے قائم امن و امان کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں ایڈیشنل کمشنر فیصل آباد ایوب بلوچ کی جانب سے ملت جعفریہ پاکستان پر کُفریہ فتویٰ صادر کر دیا گیا، ایڈیشنل کمشنر فیصل آباد ایوب بلوچ نے ڈویژنل پبلک سکول فیصل آباد میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے اشتعال انگیز خطاب کے دوران شیعہ مسلک کے دو نمازیں ملا کر پڑھنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "نماز مقرر وقت پر پڑھنے کی آیت محکمات میں ہے، متشابہات میں نہیں، پھر ایک ایسا مسلک بھی ہے، جو پتہ نہیں کہاں سے دلیلیں پیش کرتا ہے، ملا کر نمازیں پڑھنے کی۔ ایک تو کفر پھر اس پر جواز بھی پیش کرتے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ ایوب بلوچ کے ان تکفیری کلمات سے پاکستان میں بسنے والے 7 کروڑ شیعہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

علامہ اسدی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ پنجاب حکومت اور چیف سیکرٹری پنجاب سے ہے کہ ایوب بلوچ کو فوری طور معطل کیا جائے اور امن مخالف بیانات پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری افسران اس طرح سے امن دشمنی پر مبنی تقاریر کرتے پھریں گے تو امن کیسے ممکن ہوگا۔ مادر وطن میں امن و امان کے استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ایسے نااہل افسران کیخلاف سختی سے نوٹس لیا جائے، جن کے تکفیری بیانات دوسرے مکاتب فکر کے مذہبی جذبات کو مجروح کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 960063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش