0
Sunday 24 Oct 2021 11:50

موجودہ فرعونی نظام ملک میں انتشار کا باعث ہے،سراج الحق

فرقہ واریت کی آگ سے اسلام کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی، خطاب
موجودہ فرعونی نظام ملک میں انتشار کا باعث ہے،سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ اللہ کی رسی قرآن کو مضبوطی سے پکڑو، اُمت کے تمام مسلک کو اکٹھا کرنے کی آج جتنی ضرورت ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لاہور میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں ’’وحدت امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، سربراہ جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، امیر متحدہ جمیعت اہلحدیث پاکستان سید ضیاء اللہ شاہ بخاری سمیت مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام، عمائدین، مشائخ، دانشوروں، وکلاء اور صحافیوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کی۔
 
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کونسلز ہیں، جن میں شیعہ سنی سب ایک ہیں، لیکن دینی جماعتوں میں ایسا نہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم قرآن پر ایمان رکھتے ہیں اور قرآن کا فیصلہ ہے جو اللہ کے فیصلوں پر عمل نہیں کرتے وہ کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نےکہا کہ پانامہ کیس کے دوران میں ایک سو گیارہ دن تک کبھی کسی وکیل کی زبان پر بسم اللہ نہیں سنا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اعلی عدلیہ میں دنیا بھر کی کتابیں تھیں لیکن قرآن نہیں تھا، سود حرام ہے لیکن ملک میں سودی نظام چل رہا ہے، برطانیہ میں بڑی مسجد قائم ہے اس میں نماز پڑھنے سے روکا نہیں جاتا لیکن ہمارے ہاں مساجد تقسیم ہے، کوئی شیعہ کی مسجد ہے تو کوئی سنی کی، ہمیں ان حصاروں سے نکل کر ایک مسلمان بن کر سوچنا ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار کا باعث موجودہ فرعونی نظام ہے، اس فرعونی نظام کیخلاف کھڑے ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ آج دنیا میں اسلامی نظام کے نفاذ کی ضرورت ہے، دین کو پھیلنے سے مغربی دنیا نہیں روکتی، ہمیں اس کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ اسلام کا چہرہ فرقہ واریت کی آگ سے مسخ کرنے کی کوشش کی گئی، مگر آج ہم باہمی وحدت سے اسلام کو خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرکے اسلام کے فروغ کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ میں علامہ سید جواد نقوی اور ان کے مدرسہ کے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں یہ یہ خوبصورت کانفرنس سجائی، یقیناً ایسی نشستیں اتحاد و وحدت کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 960254
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش