0
Wednesday 12 Jan 2022 01:07

ملک میں گیس کے صرف 10 سالہ ذخائر باقی ہیں، حماد اظہر

ملک میں گیس کے صرف 10 سالہ ذخائر باقی ہیں، حماد اظہر
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں گیس کے ذخائر صرف دس سال کے لیے باقی ہیں، ہر سال گیس کی پیداوار میں 9 فیصد کمی ہورہی ہے، مستقبل میں طلب پوری کرنے کے لیے درآمدی گیس کا استعمال بڑھ جائے گا۔ یہ بات وفاقی وزیر نے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز کو بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) پر 2300 انڈسٹریز کا نیٹ ورک ہے، جس سے تمام صنعتیں چل رہی ہیں، بحران یا قلت کے دوران کسی ایک کو بھی گیس کی سپلائی بند نہیں ہوئی فرٹیلائیزر پلانٹس کو بھی مسلسل فراہمی جاری ہے۔ حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کے لیے شارٹ فال کی بنیادی وجہ گیس کی فیلڈ میں مسلسل کمی ہے کیوں کہ مقامی گیس کی پیداوار میں سالانہ 9 فیصد کمی ہورہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گیس قلت کی صورت میں گھریلو صارفین کو ایل این جی فراہم نہیں کرسکتے کیونکہ اس سے بہت زیادہ نقصان ہوگا۔ کم گھریلو صارفین کے نیٹ ورک میں درآمدی ایل این جی شامل کی تو ہمیں 100 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، ایسی صورت میں ہم ایک حد تک جاسکتے ہیں کیونکہ اس سے کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 2000 ایم ایم سی ایف ڈی گھریلو صارفین کو دی جارہی ہے جب کہ باقی 1500 ایم ایم سی ایف ڈی دیگر شعبوں کو فراہم کی جارہی ہے، سردیوں میں ہیٹر کے استعمال کی وجہ سے گھریلو صارفین کی گیس کی طلب پانچ گنا بڑھ چکی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے پاس صرف دس سال کی گیس باقی رہ گئی ہے، 30 فیصد نیٹ ورک ایل این جی اور باقی 70 فیصد نیٹ ورک مقامی گیس پر چل رہا ہے، یہ شرح بدلنے والی ہے جس سے درآمدی گیس کا استعمال بڑھ جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 973108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش