1
Thursday 1 Feb 2024 21:22

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ووٹر ہمارے حق میں نکلے گا، عدلیہ کو سیاسی انجیئنرنگ کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیئے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے اعلیٰ عدالتوں سے کالعدم ہو جائیں گے، بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو نشانہ بنانے کے لیے عدلیہ کا استعمال بند ہونا چاہیئے، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو خوش کرنے کے لیے پارٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لوگوں کو یہ دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی واپس نہیں آئیں گے، لیکن امید ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے اعلیٰ عدالتوں سے کالعدم ہو جائیں گے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ قوم جان چکی ہے کہ دونوں کیسز میں سیاسی انتقام ہے، سائفر کیس میں کیا جرم کیا گیا ہے، کیا حکومت کے خلاف سازش عوام کے سامنے لائے۔ توشہ خانہ سے جنہوں نے گاڑیاں لیں، ان کو تو کچھ نہیں کہا گیا۔

2۔ بلوچستان کے شہر سبی میں انتخابی ریلی کے دوران دھماکے پر امریکا کا اظہار مذمت، اپنے بیان میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ دھماکہ انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو بلاخوف و خطر اپنے نمائندے منتخب کرنے کا پورا حق ہے۔ ترجمان نے دھماکے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز سبی میں جناح روڈ پر پی ٹی آئی کی ریلی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔ سبی میں انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کی ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں دھماکہ ہوا تھا۔ سبی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بابر نے عام انتخابات سے محض 9 دن قبل ہونے والے دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تصدیق کی تھی۔

3۔ ایران نے کہا ہے کہ امریکا دھمکیاں دینا بند کرے، حملے کا فوری ردعمل ہوگا، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے امریکا سے دھمکی آمیز زبان کا استعمال بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے حملہ کیا تو ان کے ملک کا ردعمل فیصلہ کن اور فوری ہوگا۔ اقوام متحدہ میں ایران کے خصوصی ایلچی نے امریکا کی طرف سے اردن میں اپنے فوجیوں پر مہلک حملے کا جواب دینے کی دھمکیوں کے بعد ایران نے ممکنہ طور پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تہران کو گذشتہ دو روز کے دوران ثالثوں کے ذریعے امریکا سکیوئی پیغامات موصول نہیں ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کے نام ایک خط میں کہا کہ ان کا ملک خطے میں کسی فرد یا گروہ کے اقدامات کا ذمہ دار نہیں ہے۔

4۔ سکھ رہنما کے قتل کی سازش، امریکا نے بھارت کو 3 ارب ڈالر کے ڈرون کی فروخت روک دی، میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے بھارت سے خالصتان کے حامی سکھ رہنماء گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کی معنی خیز تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ گرپتونت سنگھ پنوں کے خلاف سازش کی مکمل تحقیقات تک مودی سرکار کو ڈرون فروخت نہیں کیے جائیں گے۔ جون 2023ء میں بھارتی حکومتی اہلکاروں کی جانب سے سکھ رہنماء گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ پنوں نیویارک میں رہائش پذیر ہیں اور امریکی اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھتے ہیں۔

5۔ جنوبی کوریا کے مغربی ساحل پر امریکا کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ محفوظ رہے، رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں تعینات امریکی فضائیہ کے یونٹ نے بتایا کہ ایف 16 طیارہ جنوبی کوریا کے جنوبی علاقے میں واقع سمندر میں گرکر تباہ ہوا جبکہ پائلٹ کو بچا لیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی کوریا میں ایف 16 کے گر کر تباہ ہونے کا یہ ایک مہینے کے اندر دوسرا واقعہ ہے۔ امریکی فضائیہ کے یونٹ نے بیان میں کہا کہ ایف 16 جنگی فیلکن طیارہ 8 فائٹر ونگ میں شامل تھا اور سمندر کے اوپر پرواز کے دوران ایمرجنسی پیش آئی اور اسی دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پائلٹ بحفاظت طیارے سے نکل چکے تھے اور ایک ہفتے بعد بحفاظت مل گئے، جن کی حالت بہتر تھی، لیکن طبی جائزے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

6۔ چین کی طرف سے بیجنگ میں طالبان کے سفیر کا خیر مقدم، امریکہ کی طرف سے ردعمل سامنے آگیا، امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں طلبان کو تسلیم کئے جانے کے بارے میں چین کے موقف کی مزید وضاحت کا مطالبہ کیا۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا امریکہ چین کے اس اقدام کو طالبان کو تسلیم کئے جانے کے مترادف سمجھتا ہے؟ کہا کہ میں نے اس بارے میں رپورٹیں دیکھی ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ حکومت چین کو طالبان کے ساتھ تعلقات اور اس گروہ کو تسلیم کرنے کے بارے میں شفافیت کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز بیجنگ میں طالبان کے سفیر بلال کریمی نے چین کے صدر شی جن پنگ کو اپنے کاغذات تقرری پیش کئے۔ چین کے صدر نے باضابطہ طریقے سے بلال کریمی کو بیجنگ میں طالبان حکومت کے سفیر اور خصوصی نمائندے کی حیثیت سے تسلیم کیا۔
خبر کا کوڈ : 1113223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش