0
Saturday 9 Mar 2024 21:36

افغانستان وسطی ایشیاء سے جنوب تک بجلی کی ترسیل کا راستہ

افغانستان وسطی ایشیاء سے جنوب تک بجلی کی ترسیل کا راستہ
 تحریر: سید تنویر حیدر

عالمی بینک کے اعلان کے مطابق بینک کی ایگزیکٹو ڈاٸریکٹر کمیٹی نے افغانستان کے عوام کی مدد کے لیے 0.Aproach 3 کے نام سے ایک نئے ترمیم شدہ طریقہء کار کی منظوری دی ہے، جس کی بنیاد پر افغانستان میں ”1000- Casa“ تواناٸی کی ترسیل کے منصوبے کا کام دوبارہ سے شروع کیا جائے گا۔ عالمی بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کاسا ایک ہزار منصوبے کا کام افغانستان کے تین ہمسایہ ممالک کی درخواست پر دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ بینک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس منصوبے کو اس انداز میں شروع کیا جائے گا کہ مستقبل کی تمام تعمیراتی اداٸیگیوں اور محصولات کا انتظام افغانستان سے باہر ہو اور اس میں طالبان کے زیرانتظام نظام شامل نہ ہو۔

کاسا ایک ہزار منصوبہ تاجکستان اور کرغستان سے افغانستان کے راستے پاکستان تک 1.02 بلین ڈالر کی تواناٸی کی ترسیل کا منصوبہ ہے۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ افغانستان کے علاوہ باقی تین ممالک میں اس منصوبے کا کام تقریباً ختم ہوچکا ہے۔ افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد اس منصوبے پر کام روک دیا گیا تھا۔ عالمی بینک نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اپنے نئے طریقہء کار کے تحت وہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ذریعے افغان عوام کی مدد کرے گا۔

اعلامیے میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت افغانستان کی مدد کے لیے کتنی رقم مختص کی گئی ہے۔ تاہم نیوز ایجنسی فرانس پریس نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اس منصوبے کے تحت افغانستان کو تین سو ملین ڈالر دیئے جاٸیں گے۔ عالمی بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس بینک نے 2021ء سے افغانستان کی مرحلہ وار مدد کی ہے۔ بینک نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے صحت اور غذایت کی کمی کو دور کرنے کے لیے بھی یونیسف اور ورلڈ فوڈ پروگرام کو 280 ملین ڈالر دیئے ہیں۔

کاسا ایک ہزار منصوبہ وسطی ایشیاء کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے، جس کے تحت 1250 کلو میٹر طویل انرجی ٹرانسمشن لاٸنوں کے ذریعے کرغستان اور تاجکستان سے افغانستان اور پاکستان کو بجلی منتقل کی جائے گی۔ یاد رہے کے افغانستان ایران سے بھی اپنے تجارتی اور مواصلاتی تعلقات میں روزافزوں اضافہ کر رہا ہے۔ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس منصوبے کے ثمرات سمیٹنے کے لیے استحکام کی جانب گامزن ہو۔
خبر کا کوڈ : 1121509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش