0
Friday 29 Mar 2024 19:43

اہل غزہ و حماس قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کیلئے فرض کفایہ ادا کر رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمان

اہل غزہ و حماس قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کیلئے فرض کفایہ ادا کر رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے عوام، تمام مکاتب فکر اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد سے اپیل کی ہے کہ اپنی فیملیز کے ہمراہ جماعت اسلامی کے تحت 30 مارچ کو 10:30 بجے شب شاہراہ قائدین پر ہونے والی ”شب یکجہتی غزہ“ میں بھرپور شرکت کریں، مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں خواتین و بچوں، بزرگوں اور حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کی مذمت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”شب یکجہتی غزہ“ کے سلسلے میں حیدری مارکیٹ نارتھ ناظم آبادپر قائم کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام فلسطین فنڈ میں بھی دل کھول کر حصہ لیں اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہل غزہ و حماس قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کے لیے فرض کفایہ ادا کر رہے ہیں، بحیثیت مسلمان ہمارا بھی فرض ہے کہ ان کے لیے آواز بلند کریں، اسرائیل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد قبول کرنے پر تیار نہیں، اسرائیل کو جارحیت و دہشت گردی کی طاقت امریکہ اور مغربی ممالک کے ساتھ عالم اسلام کے بے حس اور حمیت سے عاری حکمرانوں نے بھی فراہم کی ہے، پاکستان کے حکمران اور حکمران پارٹیوں نے بھی اہل غزہ کی حمایت و پشتیبانی کرنے، عالمی سطح پر موثر آواز اُٹھانے اور اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کو روکنے کے لیے کچھ کرنے کے بجائے مجرمانہ طور پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، امریکی غلامی میں خارجہ پالیسی بنے گی تو ہم مزید غلامی میں جکڑتے چلے جائیں گے

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں بھی اسرائیل کے طیارے رہائشی علاقوں، اسکولوں اور ہسپتالوں پر بمباری کر رہے ہیں، اہل غزہ اور حماس کے مجاہدین جذبہ جہاد اور شوق ِ شہادت سے سرشار صبر و استقامت اور جرأ ت مندی کے ساتھ ان کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ڈٹے ہوئے ہیں، رمضان المباک میں ہی 17ویں روزے کو حق اور باطل کا پہلا معرکہ غزوہ بدر پیش آیا تھا، اہل غزہ و حماس نے یوم بدر کی یاد تازہ کردی ہے اور اسرائیل کی فوجی طاقت اور ٹیکنالوجی کو شکست دے دی ہے، اسرائیل نہتے لوگوں، خواتین، بچوں، اسکولوں، ہسپتالوں اور رہائشی علاقوں پر حملے کر رہا ہے، فلسطین کے مسلمان قبلہ اول بیت المقدس اور انبیاء علیہ السلام کی سرزمین فلسطین کی آزادی اور گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو ناکام بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہر مسلمان، تمام پارٹیوں اور حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کا ساتھ دیں لیکن افسوس کہ عوام تو اہل غزہ کے لیے سب کچھ کرنے پر تیار ہیں لیکن حکمرانوں نے امریکہ کے خوف سے مجرمانہ طور پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، اپنے اقتدار کے تحفظ کے لیے حکومت اور حکومتی پارٹیاں ان کے لیے کچھ نہیں کر رہی، عوام مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر پارٹیوں سے سوال کر رہے ہیں کہ وہ اہل غزہ و فلسطین کی حمایت اور اسرائیل و امریکہ خلاف کیوں کچھ نہیں بولتیں، تمام حکمران پارٹیاں عام انتخابات کے بعد جعلی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے تو ایک ہوگئی ہیں لیکن ان کو عوام احساسات و جذبات اور اہل غزہ پر اسرائیل مظالم و دہشت گردی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 1125669
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش