0
Friday 19 Apr 2024 13:03

کراچی، جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا، تمام غیر ملکی محفوظ

کراچی، جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا، تمام غیر ملکی محفوظ
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے تمام غیر ملکی محفوظ رہے تاہم حملے میں 2 دہشت ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ اصفر مہسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ لانڈھی کے علاقے مرتضیٰ چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں 5 غیر ملکی افراد ہائی ایس وین میں سفر کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حملے میں پانچوں جاپانی محفوظ رہے، تاہم ان کے ساتھ موجود ایک سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا، خودکش دھماکے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ گاڑی کے پیچھے ایک اور خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا۔

سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ جاپانی شہری دو سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ ایک وین میں سفر کر رہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے انہیں ٹکر مار دی۔ ان کے مطابق جائے وقوع سے ایک ایس ایم جی (شارٹ مشین گن) اور ہینڈگرنیڈ والا بیگ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر لگتا ہے دہشت گردوں کی تعداد 2 تھی، پہلا حملہ خودکش تھا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی جی نے بتایا کہ دوسرے دہشت گرد نے گاڑی پر فائرنگ کی، غیرملکیوں کےہمراہ موجودسیکیورٹی گارڈ نےدہشت گرد سے مقابلہ کیا، قریب ہی موجود پولیس دھماکے کی آواز سن کرپہنچی، شرافی گوٹھ تھانےکے اہلکاروں نے بھی دہشت گرد سے مقابلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا، پولیس مقابلے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا، واقعے میں ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آوور کا سر اور کچھ اعضا ملے ہیں، ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ خطرہ موجود تھا کہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنایا جائے گا، اسی سلسلے میں اجلاس بھی منعقد ہوئے تھے، سیکیورٹی تھریٹ کے باعث پولیس بھی الرٹ تھی۔

ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق غیر ملکی جس گاڑی میں سفر کر رہے تھے وہ بلٹ پروف تھی، تمام غیر ملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی ملیر طارق الہیٰ نے بتایا کہ تمام غیر ملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے، غیر ملکی شہری روزانہ یہاں سے گزرتے تھے، 3 حملہ آور تھے، جن میں 2 ہلاک ہوگئے اور ایک فرار ہوگیا۔ چھیپا ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی البتہ زخمی ہونے والوں میں 45 سالہ نور محمد ولد محمد صدیق، 45 سالہ لنگر خان ولد ساون خان اور 25 سالہ سلمان ولد صادق مسیح شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1129701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش