0
Thursday 25 Apr 2024 12:04

کشمیری بھارتی قبضے کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حریت کانفرنس

کشمیری بھارتی قبضے کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور بے گناہ لوگوں کی مسلسل گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا کہ تلاشی کی مسلسل کارروائیوں، نوجوانوں کی تھانوں میں طلبی اور بے پیمانے پر گرفتاریوں نے علاقے میں شدید خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر، بانڈی پورہ اور جموں خطے کے ضلع راجوری سمیت دیگر علاقوں میں لوگوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا مقصد آزادی پسند کشمیریوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نہتے اور بیگناہ کشمیریوں کے خلاف آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ، پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قانون کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرانے کیلئے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، مشتاق الاسلام، امیر حمزہ، ڈاکٹر حمید فیاض، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، عبدالاحد پرہ، ظفر اکبر بٹ، محمد یوسف فلاحی، ایڈووکیٹ زاہد علی، عمر عادل ڈار، سرجان برکاتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی اور انسانی حقوق کے محافظ خرم پرویز سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیری حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے میں حالات پرامن ہونے کا تاثر دینے کیلئے علاقے میں پارلیمانی انتخابات کا ڈرامہ رچایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں کا ان انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1130992
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش