0
Thursday 25 Apr 2024 16:50

عوام کو ان کا حق دیں، ملک مسائل سے نکل آئے گا، حافظ نعیم الرحمان

عوام کو ان کا حق دیں، ملک مسائل سے نکل آئے گا، حافظ نعیم الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی نے ملک کے تمام فریقوں کو مذاکرات کرنے کا مشورہ دیدیا۔ امیر جماعت  اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایک چلتی حکومت کو ختم کرکے ملک کو بحران میں دھکیلنے والی جماعتیں عوام سے معافی مانگیں۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 2024 کے الیکشن میں گڑبڑ کی گئی، اپنی مرضی کے لوگ مسلط کئے گئے، فارم 45 کی بنیاد پر نتائج تیار کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں، فارم 47 چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے ہمیں عوام کی رائے نہیں، آمریت چاہئے، جو تماشا ہو رہا ہے یہ چلنے والا نہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئین پر شب خون آئین سے انحراف ہے، پی ڈی ایم میں شامل ہونیوالی جماعتوں کو الیکشن میں نوازا گیا ہے، ایک چلتی حکومت کو ختم کرکے ملک کو بحران میں دھکیلنے والی جماعتیں عوام سے معافی مانگیں، ادارے اپنے آئینی حدود کے مطابق کام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ایٹمی پروگرام کا تحفظ کرنا ہے، ہمیں پاکستان کی سرحدوں کا تحفظ کرنا ہے، عوام کے ساتھ اتحاد کے بغیر یہ کام نہیں ہو سکتا۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ فارم 45 کی بنیاد پر تمام نتائج کو مرتب کیا جائے، یہاں پر سپریم کورٹ سے بڑی کوئی اتھارٹی نہیں، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی آزادی مسائل کا حل ہے، چیف جسٹس اور تمام جج صاحبان سے درخواست ہے یہ معمولی واقعہ نہیں، جنہوں نے فیصلے اور جنہیں حکومت میں بٹھایا گیا دونوں ہی پھنس گئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اداروں کی تقسیم کے متحمل نہیں ہو سکتے، جمہوری آزادیاں بہت اہم ہیں، سب پھنس گئے ہیں، آپس میں مذاکرات کا آغاز کریں، عوام کو ان کا حق دیں، ملک مسائل سے نکل آئے گا۔
خبر کا کوڈ : 1131032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش