0
Sunday 18 Nov 2012 20:32

غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف سنی تحریک لاہور کا پریس کلب کے باہر مظاہرہ

غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف سنی تحریک لاہور کا پریس کلب کے باہر مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ مظلوم فلسطینی مسلمان بھائیوں کے قتل عام کے خلاف پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے فلسطینی مسلمانوں کے قتلِ عام میں اسرائیل کو امریکہ کی سر پرستی اور حمایت حاصل ہے مسلمانوں کا قتل عام کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسلم سربراہان کی ذمہ داری ہے عالمی سطح پر فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام فوراً بند کروائیں، اسرائیلی یہودی لابی کو عالمی قوانین کا پابند کیا جائے، فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کو طاقت اور اسلحے کے زور پر نہیں دبایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر مسلسل ظلم و ستم کی پاداش میں کسی وقت بھی عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، بین الاقوامی امن و امان برقرار رکھنے والے ادارے عالمی قیام امن کیلئے فوراً اپنا کردار ادا کریں۔

دیگر مقررین نے کہا کہ انسانی حقوق کی محافظ تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں جس طرح ملالہ یوسف زئی، کائنات اور فلک قوم کی بیٹیاں ہیں اسی طرح فلسطینی ظلم و ستم اور بربریت کا شکار ہونے والی مسلم خواتین بھی قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنا انسانیت نہیں حیوانیت ہے، بچوں، بوڑھوں اور خواتین پر ہتھیار اُٹھانے والے انسان نہیں بلکہ حیوان اور وحشی درندے ہیں۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فلسطینی مسلمانوں کی ہر طرح سے مدد کو ممکن بنائے، حکومت پاکستان اسرائیلی جارحیت کا بھر پور طریقے سے نوٹس لے، یہودیوں کے خلاف جہاد کیلئے ساری قوم حکومت پاکستان کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر لاہور سٹی کے صدر محمد طاہر قادری، محمد نواز قادری، علامہ نعیم شاہ، مولانا سعید رضوی، علامہ عمران نظامی، علامہ شفاقت علی ہمدمی، علامہ شیر محمد مجتبائی بھی موجود تھے۔ مظاہرین پلے کارڈ اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔
خبر کا کوڈ : 212990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش