0
Sunday 6 Jul 2014 00:03

پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی تازہ ترین بمباری، 5 شدت پسند ہلاک، عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ

پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی تازہ ترین بمباری، 5 شدت پسند ہلاک، عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، میرانشاہ اور بویہ گاؤں میں فضائی بمباری میں دہشتگردوں کے پانچ ٹھکانے، غاریں اور اسلحہ کا ذخیرہ تباہ کر دیا گیا، بمباری سے متعدد ازبک دہشتگرد بھی مارے گئے۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب جاری ہے، فضائی اور زمینی کارروائی میں دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کو  نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آج میران شاہ اور بویہ گاؤں میں دہشتگردوں کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کی گئی جس کے بعد جیٹ طیاروں نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ بمباری کے نتیجے میں دہشتگردوں کے پانچ ٹھکانے، متعدد غاریں اور ذخیرہ کیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود تباہ کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جیٹ طیاروں کی بمباری میں متعدد ازبک دہشتگرد مارے گئے۔ دوسری طرف کلئیرنگ آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کو ناکارہ بناتے ہوئے ایک فوجی جوان شہید ہو گیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جاری ملٹری آپریشن کے دوران پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی تازہ ترین بمباری کے نتیجے میں مبینہ عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور پانچ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق ہفتے کو دتہ خیل کے مضافاتی علاقوں محمد خیل، پوئی خیل اور بیگان کے علاقوں میں موجود عسکریت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد ٹھکانے تباہ اور پانچ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ پاکستانی افواج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی نے بھی تازہ بمباری میں پانچ عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ واقعے میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی اُس وقت شہید ہوا، جب ہفتے کی صبح سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک نصب شدہ بم پھٹ گیا۔ ہلاک ہونے والے زیادہ تر شدت پسند ازبک باشندے تھے۔ میران شاہ کے علاقے میں اب تک چار سو سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے، جن میں زیادہ تر غیر ملکی ہیں، جبکہ بارود بنانے والی 19 فیکٹریوں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب عسکری ذرائع کے مطابق چمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام کے علاقے میں سکیورٹی چوکی پر حملہ کیا گیا جس میں کم از کم ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
خبر کا کوڈ : 397582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش