0
Monday 11 Aug 2014 04:19
دنیا بھر میں صیہونی بربریت کیخلاف مظاہرے جاری

صیہونی حکومت اور حماس غزہ میں 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر رضامند

صیہونی حکومت اور حماس غزہ میں 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر رضامند
اسلام ٹائمز۔ مصر کی تجویز پر غزہ میں 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر حماس اور صیہونی حکومت راضی ہوگئے ہیں، جنگ بندی کا اطلاق مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے سے ہوگا۔ غزہ میں جاری خونریزی کو روکنے کے لیے مصر میں کی جانے والی کوششیں کامیابی کی طرف گامزن نظر آتی ہیں، مصر کی تجویز پر مذاکرات جاری رکھنے کے لیے حماس اور صیہونی حکومت نے غزہ میں 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس کا اطلاق فلسطین کے مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے سے ہوگا، جنگ بندی پر رضامندی کے بعد مصر میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے صیہونی حکومت کے وفد کے مصر جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جنگ بندی سے پہلے صیہونی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔

دیگر ذرائع کے مطابق صیہونی حکومت کی غزہ پر بمباری میں مزید نو فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں صیہونی فوجیوں نے ایک گیارہ سالہ فلسطینی لڑکے کو  گولی مار کر شہید کر دیا۔ بتیس روز سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 1970 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ صیہونی حکومت دو دن میں غزہ میں سو سے زائد مقامات پر بمباری کر چکی ہے۔  ادھر فلسطینی حکام نے اعلان کیا ہے کہ فریقین میں 72گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔ صیہونی حکومت نے بھی جنگ بندی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ دوسری طرف دنیا بھر میں صیہونی بربریت کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ لندن میں ڈیڑھ لاکھ افراد نے امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے۔ کیپ ٹاؤن میں بھی ہزاروں افراد نے صیہونی جارحیت کیخلاف مظاہرے کئے۔ نیویارک میں صیہونی حکومت کے خلاف مظاہروں میں خواتین بھی شریک ہوئیں۔ وینزویلا میں شہریوں نے غزہ کے بچوں کیلئے کھلونے بنائے۔ نیویارک سے میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی جارحیت اور غزہ کے محاصرے کیخلاف سینکڑوں افراد نے مین ہیٹن سے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارہ خطے میں امن بحال کرائے اور فلسطین کی آزاد ریاست قائم کی جائے، اس احتجاجی ریلی میں یہودیوں کے وفد نے بھی شرکت کی۔

قبل ازیں صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو حماس کے ساتھ مصر کی وساطت سے قاہرہ میں مستقل جنگ بندی کیلئے ہونے والے مذاکرات کا اس وقت تک بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر رہا تھا۔ کابینہ کے اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ غزہ میں آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک طویل عرصے تک حماس کے حملے روکنے کا مقصد حاصل نہیں ہوجاتا۔ ادھر فلسطین پر صیہونی وحشیانہ جارحیت کے خلاف پاکستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظور مذمتی قراردادوں سے اقوام متحدہ کو آگاہ کرنے کے لئے ان کی کاپیاں وزارت خارجہ کو ارسال کر دی گئیں۔ سینٹ قومی اسمبلی کے جاری اجلاسوں میں متفقہ قراردادوں کی منظوری کے ذریعے غزہ کے مسلمانوں پر صیہونی حکومت کی ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی اور بے حسی پر تشویش ظاہر کی گئی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ او آئی سی سے ظلم و بربریت روکنے کے لئے موثر کردار ادا کرنے اور اقوام متحدہ  سے غزہ میں نہتے شہریوں خواتین اور بچوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عرب لیگ کونسل نے غزہ کی صورتحال پر آج پیر کو ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں 14 جولائی کو منعقدہ اجلاس میں عرب وزراء خارجہ کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائیگا اور غزہ میں حالیہ صیہونی جارحیت کا معاملہ زیر بحث آئیگا۔
خبر کا کوڈ : 404093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش