0
Saturday 23 Aug 2014 19:55

عمران خان نے امریکہ کو للکار کر قوم کے دل جیت لیے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

زرداری کا گریبان پکڑنے کی بڑھکیں لگانے والے آج زرداری کے پاؤں پکڑ رہے ہیں
عمران خان نے امریکہ کو للکار کر قوم کے دل جیت لیے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں انقلاب حمایت تحریک چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلہ میں گدی نشیں مشائخ سے رابطے کیے جائیں گے اور سنی اتحاد کونسل کے وفود گھر گھر جا کر قوم کو انقلاب کی حمایت پر آمادہ کریں گے۔ مساجد و مدارس کو انقلاب کی درسگاہیں بنایا جائے گا اور ’’عوام کے نام کھلا خط‘‘ ملک بھر میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کی۔ اجلاس میں سیّد جواد الحسن کاظمی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری، میاں فہیم اختر، ارشد مصطفائی، مولانا وزیرالقادری، صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزادہ حسین رضا، صاحبزادہ مطلوب رضا، پیر میاں غلام مصطفٰی، پیر طارق ولی چشتی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت کی حمایت میں کالعدم تنظیموں کے مظاہروں سے حکمرانوں اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ بےنقاب ہو گیا ہے۔ حکومت سیاسی جنگ کو فرقہ وارانہ جنگ نہ بنائے۔ نواز شریف نے اقتدار بچانے کے لیے ملک داؤ پر لگا دیا ہے۔ عمران خان نے امریکہ کو للکار کر قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ جنرل جیلانی کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آنے والے جمہوریت کے چیمپئن نہیں ہو سکتے۔ زرداری کا گریبان پکڑنے کی بڑھکیں لگانے والے آج زرداری کے پاؤں پکڑ رہے ہیں۔ سیاست کو تجارت بنانے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ حکمران جان لیں کہ قوم موجودہ نظام سے مطمئن نہیں۔ جمہوری اصلاحات اور بے رحم احتساب کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ جھوٹے مقدمے میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہو سکتی ہے تو چودہ افراد کے قتل کا مقدمہ شہباز شریف پر کیوں درج نہیں ہو سکتا۔ سٹیٹس کو کی حامی قوتیں انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ شریف برادران کے اقتدار میں موجود ہوتے ہوئے چودہ شہداء کے ورثاء کو انصاف نہیں مل سکتا۔ لوٹ مار کرنے والوں کو ایوان اقتدار کی بجائے جیلوں میں ہونا چاہیئے۔ موروثی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ دہشت گردوں کے حامی حکومت کے حواری اور درباری بن چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 406320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش