0
Wednesday 27 Aug 2014 19:31

حکومت ایسی پیشکش کرے کہ احتجاج کرنیوالوں کی ضرورت پوری ہوجائے، فاروق ستار

حکومت ایسی پیشکش کرے کہ احتجاج کرنیوالوں کی ضرورت پوری ہوجائے، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ دھرنے دینے والوں کو کسی بھی صورت منایا جائے، وزیر اعظم یہ نہ دیکھیں کہ اس سے کیا روایت قائم ہوگی۔ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کوشش کی ہے کہ اس وقت ملک جس بحران میں ہے اس کا حل نکالا جائے۔ وہ احتجاج کرنے والی جماعتوں اور حکومت سے مسلسل اپیل کر رہے ہیں کہ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں۔ اسی غرض سے ہم نے عوامی تحریک، چوہدری شجاعت حسین، شیخ رشیداحمد، جاوید ہاشمی، فضل الرحمان، خورشید شاہ اور وفاقی وزرا سے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران ہم نے انہیں ان تمام رہنماﺅں سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا اور وزیراعظم نے بھی ہماری باتوں کو کھلے دل سے سنا۔ انہیں محسوس ہوا کہ وہ بھی پورے اخلاص کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اب بھی گنجائش ہے اور تھوڑی کوشش کی جائے تو مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے، حکومت بڑی فریق ہے اور اسے بڑے دل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہم ریاست کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، آج کا دن انتہائی اہم ہے، انا کو ایک جانب رکھ کر دھرنے دینے والوں کو کسی بھی صورت منایا جائے۔ ہم نے کہا ہے کہ حکومت ایسی پیشکش سامنے رکھے کہ احتجاج کرنے والوں کی ضرورت پوری ہو جائے۔ پی ٹی آئی سے مذاکرات ہوئے ہیں اور عوامی تحریک سے بھی ہونے چاہئیں، اگر حکومت کا اعلیٰ سطح کا وفد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کرے تو اس بات کی گنجائش ہے کہ معاملات درست سمت میں گامزن ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے، ہم ریاست کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ اس وقت یہ نہ دیکھا جائے کہ کیا روایت قائم ہوگی۔ مطالبوں کی نوعیت اور اس کے طریقہ کار پر بات کرنا ایک الگ بحث ہے لیکن ہمیں ملک کے وسیع تر مفاد اور اس کے استحکام کے لئے سوچنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 406929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش