0
Friday 19 Sep 2014 22:57

کوئٹہ، تحریک انصاف بلوچستان کے زیراہتمام "گو نواز گو" دن منایا گیا

کوئٹہ، تحریک انصاف بلوچستان کے زیراہتمام "گو نواز گو" دن منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بند گلاسوں میں شمع روشن کرکے "گو نواز گو" دن منایا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صوبائی رہنماوں بابر خان درانی، آصف ترین، فیصل دہوار نوابزادہ، شریف جوگیزئی نے کہا کہ نااہل و جعلی حکمرانوں کی وجہ سے ملک تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ قتل و غارت، ظلم و نا انصافی، دہشت گردی اور کرپشن عروج پر ہونے سے ملک اندھیروں میں ڈوب گیا ہے۔ ملک اور عوام کی تقدیر عظیم، مخلص بہادر لیڈر ہی بدل سکتے ہیں۔ دھاندلی اور چور دروازوں سے آئے ہوئے حکمران نہیں۔ لہذٰا موجودہ حکمران بالخصوص وزیراعظم نواز شریف کے استعفٰی کے بعد ہی ملک سے اندھیرے ختم ہوکر اجالوں میں بدلیں گے۔ آج روشنی کا گلاس میں بند ہونا ہمارے ملک کی روشنی اور کامیابی کے بند ہونے کی عکاسی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت پڑنے پر ملک کی کامیابی و آزادی کی خاطر یہ شمعیں اپنے خون سے بھی روشن کریں گے کیونکہ ہم نئے پاکستان کے داعی اور امن کے پیروکار ہیں۔ آج پاک سرزمین کے عوام جاگ چکے ہیں اور قائد انقلاب عمران خان کے فکر و فلسفے اور وژن کو اپنا نصب العین سمجھ کر نئے پاکستان کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ کسی نے بھی آج سے پہلے بالادست ،طاقت اور دولت کے نشے میں مدہوش افراد کے خلاف آواز بلند نہیں کی۔ عمران خان نے بھی عوام کے دلوں میں پھلنے والے خیالات کیلئے راہ ہموار کی حقوق سے محروم عوام کو نیا جذبہ و جنون، نئی آنکھیں کان اور نئی زبان دی۔ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب پی ٹی آئی عوامی امنگوں کے مطابق بالادست نااہل حکمرانوں کے چنگل سے آزادی دلا کر نئے انداز، نئی آرزو کے ساتھ امن، میرٹ، انصاف پر مبنی نئے امیدوار کامیاب پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 410556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش