0
Sunday 26 Oct 2014 23:11
شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے

پاکستان کو ظالم و جابر حکمرانوں سے نجات دلائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، علامہ طاہرالقادری

حکومت کیساتھ ڈیل کی باتیں کرنیوالے عوام کو گمراہ کرنیکی کوشش کر رہے ہیں
پاکستان کو ظالم و جابر حکمرانوں سے نجات دلائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، علامہ طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس زیر صدارت ڈاکٹر طاہرالقادری ماڈل ٹاؤن ’’القادریہ‘‘ میں ہوا، اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین، علامہ ناصر عباس جعفری، سید ناصر عباس شیرازی، چوہدری ظہیر الدین سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف لینے کے لئے اسلام آباد گئے تھے لیکن بے حس اور جابر حکمرانوں  نے اپنی ہٹ دھرمی اور اقتدار کے لالچ میں ہمیں انصاف سے محروم رکھا، لیکن ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ خون کا بدلہ خون ہوگا، شہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہدائے اسلام آباد کے خون کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیت نہیں لیں گے بلکہ قصاص ہوگا اور ظالم حکمرانوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کرانے کا موجودہ پراسس شفاف نہیں جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم جلد ایک وائیٹ پیپر جاری کریں گے جو میں اس نظام میں موجود سقم بتائیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن گذشتہ 9 سال سے نہیں کرائے گئے اور حکمرانوں کا یہ اقدام آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حکمرانوں نے اختیارات خود رکھے ہوئے ہیں اور انہیں آگے منتقل نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ڈیل کی باتیں کرنے والے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم نے دھرنا ختم نہیں کیا بلکہ اس کا دائرہ کار اسلام آباد سے بڑھا کر پورے ملک تک پھیلا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ان ظالم و جابر حکمرانوں سے نجات دلائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 416612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش