0
Wednesday 2 May 2018 19:45

کمشنر لاہور کا متحدہ مجلس عمل کو مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت دینے سے انکار

کمشنر لاہور کا متحدہ مجلس عمل کو مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت دینے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک، جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف  کے بعد متحدہ مجلس عمل بھی مینار پاکستان ’’فتح‘‘ کرنے نکل پڑی۔ متحدہ مجلس عمل نے ضلعی انتظامیہ لاہور کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کیلئے درخواست دی جسے کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل نے مسترد کرتے ہوئے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ متحدہ مجلس عمل کی جانب سے لیاقت بلوچ، میاں مقصود احمد اور ذکراللہ مجاہد نے درخواست دی تھی جس میں مینار پاکستان گراؤنڈ (گریٹر اقبال پارک) میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ جس پر کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ مینار پاکستان گراؤنڈ کو پاکستان تحریک انصاف نے مکمل تباہ کر دیا ہے اور لاکھوں روپے مالیت کی پودے، لائٹس اور مینار پاکستان کا چبوترہ توڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس پر قانون سازی کی تھی کہ منٹو پارک کو گریٹر اقبال پارک میں تبدیل کرنے کے بعد یہاں کوئی جلسہ نہیں ہو سکے گا، مگر تحریک لبیک، جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف نے بغیر اجازت یہاں جلسے کئے ہیں جس کا ہونیوالا نقصان انہیں جماعتوں سے پورا کیا جا رہا ہے۔ کمشنر نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کو 23 لاکھ روپے سے زائد کا بل بھجوایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی لاہور کے امیر اور متحدہ مجلس عمل لاہور کے صدر ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اجازت دے یا نہ دے، ایم ایم اے اپنا جلسہ اسی گراؤنڈ میں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ  گریٹر اقبال پارک کی آڑ میں آزادی اظہار سلب کرنے کی کسی طور اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر صورت متحدہ مجلس عمل کا جلسہ اسی گراؤنڈ میں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 721891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش