0
Friday 19 Apr 2024 10:25

کشمیری بھارتی تسلط کے خلاف تاریخ ساز مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں، عزیر غزالی

کشمیری بھارتی تسلط کے خلاف تاریخ ساز مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں، عزیر غزالی
اسلام ٹائمز۔ پاسبان حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام اپنی مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف تاریخ ساز مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عزیر غزالی نے مظفر آباد میں ڈسٹرکٹ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی شہید تحریک آزادی کشمیر کا استعارہ اور کشمیری نوجوانوں کے رول ماڈل تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں پر سخت ترین پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور مقامی اخبارات، رسائل و جرائد قابض انتظامیہ کی سخت ترین غیر قانونی سینسر شپ کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں اور شہریوں کے آزادی اظہارِ رائے پر قدغن عائد ہے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

عزیر غزالی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال کو دنیا کے سامنے لانے کے جرم میں آصف سلطان سمیت کئی کشمیری صحافی غیر قانونی طور پر نظربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے موجودہ ابتر حالات میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی ذمہ داری کئی گنا بڑھ گئی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو دنیا بھر کے سامنے لائیں۔عزیر احمد غزالی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
خبر کا کوڈ : 1129663
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش