0
Wednesday 23 May 2018 14:02

کوشش ہوگی کہ کسی پڑھے لکھے نوجوان کو نگران وزیراعلٰی لائیں، میر عبدالقدوس بزنجو

کوشش ہوگی کہ کسی پڑھے لکھے نوجوان کو نگران وزیراعلٰی لائیں، میر عبدالقدوس بزنجو
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کے لئے اپوزیشن سے بات چیت کا سلسلہ شروع کریں‌ گے۔ نگران وزیراعلٰی ایسے نوجوان شخص کو لائیں گے، جن کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہ ہو اور عام انتخابات پر نگران وزیراعلٰی اثر انداز نہ ہو۔ ہمارے دور حکومت میں بہت سی مشکلات پیش آئیں، لیکن جوان مردی کے ساتھ ڈٹ کر مقالبہ کیا۔ 2013ء کے مقابلے میں 2018ء کے انتخابات پرامن ہوں گے، تاہم امن و امان کا مسئلہ رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بجٹ کی منظوری کے بعد اب نگران سیٹ اپ کے لئے آج سے بات چیت کا سلسلہ شروع کریں گے اور نگران سیٹ اپ کے لئے کوئی سیاسی فگر نہیں ہوگا۔ پڑھے لکھے نوجوان کو نگران وزیراعلٰی بنائینگے۔ کوشش کریں گے کہ ایسے نوجوان کو نگران وزیراعلٰی بنائیں، جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ نگران سیٹ اپ میں ایسے لوگوں کو وزراء بنائیں، جن کا کردار اچھا ہو۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں صوبے کے تمام شاہراہوں پر ان چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا، جن کی وجہ سے روزانہ لوگوں کی تذلیل ہوتی تھی۔ سیف سٹی پروجیکٹ جو کہ دو سال پہلے ہونا چاہیئے تھا، مگر بدقسمتی سے نہیں ہوا۔ سابقہ مشیر خزانہ کیساتھ جو کچھ ہوا، وہ گھر کا مسئلہ تھا اور گھر میں حل کریں گے۔ دو ایم پی ایز کے درمیان تھوڑا سا معاملہ ہوا، مگر اپوزیشن اراکین نے ایوان کے تقدس کو پامال کیا۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں سکیورٹی فورسز نے بڑا کردار ادا کیا۔ طاقتور ممالک بھی دہشت گردی روکنے میں ناکام ہوئے، تاہم ہماری فورسز نے جوان مردی کیساتھ مقابلہ کیا۔ عام انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی ایک بہت بڑی قوت بن کر ابھرے گی۔
خبر کا کوڈ : 726787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش