0
Tuesday 17 Jul 2018 01:10

چنیوٹ، ایم ڈبلیو ایم کا تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان

چنیوٹ، ایم ڈبلیو ایم کا تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین نے این اے 99 اور پی پی 96 پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ المصطفیٰ کالج بھوآنہ میں مجلس وحدت مسلمین ڈسٹرکٹ چنیوٹ کے زیر اہتمام ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ہمارا اور پاکستان تحریک انصاف کا منشور ایک ہی ہے، ہم بھی قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی بھی کرپشن سے پاک پاکستان کی خواہاں ہے، ہم بھی تکفیریت کا خاتمہ چاہتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف بھی پاکستان سے شدت پسندی کا خاتمہ چاہتی ہے۔ سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پنجاب بھر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کر رہی ہے۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار این اے 99 مہر غلام محمد لالی کا کہنا تھا کہ میں سید اسد عباس نقوی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کا مشکور ہوں، میں مجلس وحدت مسلمین ڈسٹرکٹ چنیوٹ کے ذمہ داران کا بھی ممنون ہوں، جنہوں نے میری حمایت کا اعلان کیا، اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی سب سے منظم جماعت ہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد ہوا ہے۔

کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار پی پی 96 محترمہ سلیم بی بی بھروانہ نے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجلس وحدت اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں گی۔ پی ٹی آئی ضلع چنیوٹ کے صدر میاں شوکت علی تھہیم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنوں میں جب پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کیا گیا تو مجلس وحدت مسلمین ڈسٹرکٹ چنیوٹ نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا، ہمارا اتحاد فطری ہے، میں یہ بات تسلیم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا کہ مجلس وحدت مسلمین ڈسٹرکٹ چنیوٹ میں بہت مضبوط اور منظم ہے، 25 جولائی کو مجلس وحدت مسلمین کے جوان اور کارکن پولنگ اسٹیشنز پر ہمارا ہراول دستہ ہوگا۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع چنیوٹ کے سیکرٹری جنرل سید انیس عباس زیدی، سینیئر رہنما سید عاشق حسین بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کا دن آپ کو بتا دے گا کہ مجلس وحدت کے کارکن آپ کے ساتھ کیا تعاون کرتے ہیں۔ کارنر میٹنگ میں مجلس وحدت مسلمین ضلع چنیوٹ کے تمام یونٹس کے نمائندگان نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 738258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش