0
Thursday 19 Jul 2018 18:54

اسلامی مالیاتی احکامات پر عمل کیا جاتا تو کوئی غریب نہ رہتا، حافظ ریاض نجفی

اسلامی مالیاتی احکامات پر عمل کیا جاتا تو کوئی غریب نہ رہتا، حافظ ریاض نجفی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ دنیا خاص طور پر عالم اسلام میں غربت اور تنگدستی کی بڑی وجہ اسلامی مالیاتی احکامات سے روگردانی اور ان پر عمل کا فقدان ہے، زکوٰة، خمس اور صدقات تو واجب ہیں، ان کے علاوہ ذاتی مال اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی اس قدر اہمیت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم متعدد احادیث مبارکہ میں فرماتے ہیں کہ ایک سال کے اخراجات رکھ کر باقی مال ضرورت مندوں کو دے دیا جائے، اگر ان احکامات پر عمل کیا جاتا تو کوئی غریب نہ رہتا، مسلمانوں کی موجودہ ابتری کی اہم وجہ علم سے دوری اور باہمی وحدت کا فقدان ہے۔ جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حدیث مبارکہ ہے کہ اگر کوئی فقیر اور نادار ہے تو ضرور کسی مالدار نے اس کا حق ادا نہیں کیا، معاشی بہتری کیلئے محنت کی اتنی اہمیت ہے کہ امیرالمومنین علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ دنیا کیلئے یوں کام کرو جیسے ہمیشہ رہنا ہے اور آخرت کی یوں تیاری کرو کہ شاید آج زندگی کا آخری دن ہے۔ مولائے کائناب نے کامیاب زندگی کے 2 اہم اصول بیان فرمائے، ایک اللہ کا تقویٰ اور دوسرا اپنے امور میں نظم و ضبط پیدا کرنا۔ حافظ ریاض نجفی کا کہنا تھا کہ چھٹے تاجدار امامت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے اسلام کو علم، تہذیب اور ادب کی ثقافت دی، علم حاصل کرنے اور اسے تحریری شکل میں محفوظ کرنے کی تاکید فرمائی۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے 4 ہزار شاگردوں کی تربیت کی جن میں مشہور کیمیا دان جابر بن حیان سمیت مختلف علوم کے متعدد ماہرین شامل ہیں، فقہ حنفیہ کے بانی امام ابو حنیفہ حضرت نعمان بن ثابت رحمتہ اللہ علیہ امام جعفر صادق علیہ السلام کی دو سالہ شاگردی پر فخر کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 738905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش