0
Sunday 4 Aug 2013 21:52

نئی دہلی ’’عالمی یوم قدس کا پیغام اور اس کی اہمیت‘‘

نئی دہلی ’’عالمی یوم قدس کا پیغام اور اس کی اہمیت‘‘
رپورٹ: جاوید عباس رضوی

عالمی یوم قدس کی مناسبت سے اوکھلاوہار نئی دہلی کے حسینی ہال میں ادارہ تفہیم اسلام دہلی کے زیراہتمام منعقدہ پروگرام بعنوان ”عالمی یوم قدس کا پیغام اور اس کی اہمیت“ پر خطاب کرتے ہوئے مسلم پولٹیکل کونسل آف انڈیا کے سربراہ ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ)  نے امت مسلمہ کو ایک نقطہ ارتکاز پر مرتکز فرماکر جس آفاقی پیغام کا درس دیا تھا آج عالم اسلام کو اس پر عمل پیرا ہونے کی سخت ضرورت ہے، امام خمینی (رہ) نے امریکہ اور اسرائیل سے ہوشیار رہنے کی تاکید کرتے ہوئے پوری دنیا کو ان کی سازشوں سے باخبر رہنے کی ترغیب دی ہے، ڈاکٹر تسلیم رحمانی نے مزید کہا کہ ہمیں فروعی اور غیر ضروری اختلاف سے اوپر اٹھ کر اپنے مشترکہ مسائل میں متحدہ کوشش کرنا چاہیے تاکہ فلسطین اور بیت المقدس کو ظالم اسرائیلیوں کے ظلم و استبداد سے بچایا جاسکے۔

امام خمینی (رہ) نے عالم اسلام کی نمائندگی فرماتے ہوئے اسرائیل کے خلاف سب سے پہلے مورچہ قائم کیا تاکہ ان کے ناپاک عزائم کو پوری دنیا کے سامنے طشت ازبام کیا جاسکے، انہوں نے امام خمینی (رہ) کی ہمہ جہت خدمات اور اتحاد امت کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام خمینی امت کو شیعہ اور سنی کے درمیان تفریق کے قائل نہیں تھے بلکہ وہ اسلام کی آفاقیت کو اجاگر کرنے کے لیے پوری مسلم امہ کو ایک لڑی میں پرونا چاہتے تھے اور عالمی یوم قدس کے موقع پر انہوں نے پوری امت کو یکجا کر دکھایا۔

قبل ازیں ڈاکٹر سید حسن کمیلی نے امام خمینی (رہ) کے پیغام اتحاد اور تحفظ قبلہ اول کی ترغیب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہودیت نے مسلمانوں کے خلاف ہمیشہ ہنگامہ آرائیاں کی ہیں، امام خمینی نے عالم اسلام کو اس کے خلاف متحد کرنے کے لیے پوری دنیا میں یہ اہم پیغام دیا کہ بیت المقدس سے ہر صورت میں یہودیوں کا انخلاء ضروری ہے، شیعہ جامع مسجد نئی دہلی کے امام سید محسن تقوی نے کہا کہ یوم قدس صرف قبلہ اول کی آزادی کے لیے بیداری کا پیغام نہیں بلکہ پوری دنیا میں امت مسلمہ کے اتحاد کا عالمی پیغام بھی ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ) نے بڑی دور اندیشی کے ساتھ جمعة الوداع کو ”فلسطین کی آزادی“ کے لیے پوری دنیا میں ایک علامتی دن کے طور پر اسے منانے کی ترغیب دی تھی تاکہ پوری دنیا کو یہ بتایا جاسکے کہ اسرائیل ظلم و جبر کے ساتھ فلسطین پر قابض ہے اور وہ پورے ایشیاء کے لیے نقض امن کا باعث ہے۔

سیمینار میں مولانا قمر حسنین نے امام خمینی (رہ) کے عالمی یوم قدس کے موقع پر دئے گئے خطبے کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کبھی نہیں چاہتے ہیں کہ وہ اسلام کا کوئی ایک لیڈر ہو یا کوئی ملک امریکہ و اسرائیل سے آزادانہ طور پر ترقی کرے، اس لیے یہ فسطائی طاقتیں ایران کا پچھلی کئی دہائیوں سے تعاقب کررہی ہیں، اس دوران ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء مشاورتی کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے فلسطین کے مسئلہ کو مسلمانوں کا عالمی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رہ) نے بڑے نازک موڑ میں امت مسلمہ کی رہنمائی کی ہے اور اس مشن کو بڑے پرزور دلائل و آواز کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مصر میں پھیلی بدامنی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مصر کی عوامی جمہوری حکومت کو مغربی آقاوں کے غلاموں نے فوج کے حوالے کردیا ہے اور اب امریکی اور اسرائیلی شہ پر پورے مصر میں خانہ جنگی کا ماحول بپا ہے اور مغرب میں اس آواز میں عرب ممالک بڑی شرمناکی کے ساتھ آواز ملا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 289733
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش