0
Thursday 30 Oct 2014 17:10

دہشتگردی پھیلانے والے داعشی استعماری ایجنٹ ہیں، علامہ مرزا یوسف حسین

دہشتگردی پھیلانے والے داعشی استعماری ایجنٹ ہیں، علامہ مرزا یوسف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء فورم پاکستان کے صدر مفتی فیروز الدین ہزاروی نے متحدہ علماء محاذ پاکستان کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین، بانی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، نائب صدر علامہ ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، مفتی نذیر نعیمی، مولانا اسد ہزاروی و دیگر مکاتب فکر کے علماء کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی اور اندرون ملک دشمن قوتیں مذہبی منافرت پھیلا رہی ہیں، ملک کسی مذہبی لسانی یا فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا، صوبائی و ضلعی سطح پر امن کمیٹیاں بنائی جائیں، سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات کو مذہب کا رنگ دیکر مذہبی تشدد میں اضافہ نہ کریں، فتویٰ دینا مفتیان کرام کا کام ہے۔

علماء کرام نے پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے اپیل کی کہ مذہب کو سیاست میں نہ لایا جائے، حضور اکرم (ص) اور صحابہ کرام کی ہجرت کو تنقید کا نشانہ بنانا کفر کے زمرے میں آتا ہے، خورشید شاہ اپنے بیان کی وضاحت کرچکے ہیں، نفرت اور اشتعال انگیز تقاریر سے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا۔ علماء کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا میں زبانوں، قوم اور مذہب کی بنیاد پر فساد برپا کیا جا رہا ہے، ملک میں فرقہ واریت کی وارداتوں کے نتیجے میں ہزاروں شیعہ سنی جید علماء کرام، ذاکرین پروفیسر، وکلاء اور عام شہری قتل ہوچکے ہیں۔

متحدہ علماء فورم کے تحت پریس کانفرنس میں شریک علماء کرام نے شیعہ سنی مکاتب سے اشتعال انگیز تقاریر، لاؤڈ اسپیکر کے بے جا استعمال، نعرے بازی اور وال چاکنگ سے اجتناب کرنے کی اپیل کی۔ علماء کرام نے گذشتہ دنوں کوئٹہ میں مولانا فضل الرحمان پر خودکش حملہ، ہزارہ کمیونٹی، ایف سی اور منگل کی شب عائشہ منزل کے قریب امام بارگاہ پر کریکر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے تمام اہلسنت و شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگرد عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ متحدہ علماء محاذ کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے کہا کہ شیعہ سنی مل کر افکار حسینیؓ کی حفاظت اور امن و یکجہتی کی فضاء پیدا کریں گے۔ 

علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی باہم متحد ہیں، فرقہ واریت دہشت گردی پھیلانے والے داعشی یزیدی، امریکہ، اسرائیل، بھارت اور استعمار کے ایجنٹ ہیں۔ علماء نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے قربانی ایثار ہمدردی کا درس دیا تھا، ظلم و جبر فسق و فجور، ظالمانہ نظام کے خلاف علم بلند کیا تھا۔ اسوؤہ فاروقیؓ، افکار حسینیؓ کو اپنا کر استعماری سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ پریس کانفرنس میں متحدہ علماء محاذ پاکستان کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین، مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، نائب صدر ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، اسلامی یکجہتی کونسل کے رہنما مولانا نور الحسن، مولانا نذیر احمد نعیمی، مفتی وجہیہ الدین، مولانا اسد ہزاروی، عنایت حسین شاہ، مولانا حمداللہ، مولانا صادق لاکھو و دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء نے محرم میں قیام امن اور فرقہ واریت اور داعش کے خلاف ہاتھ اٹھا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 417280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش