0
Monday 31 Mar 2014 20:01

ملائشیاء کی جیلوں میں قید پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک

ملائشیاء کی جیلوں میں قید پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک
اسلام ٹائمز۔ ملائشیاء کی جیلوں میں پاکستانیوں سمیت قید غیر ملکی تارکین وطن کے ساتھ جاری غیر انسانی سلوک نے امریکی گوانتانا مو جیل کے بھی ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ انسانی حقوق کے ادارے خاموش ہیں اور کئی تارکین وطن موت کی دعا مانگنے لگے ہیں۔ ملائشیاء کی جیلوں سے رہا ہونے والے افراد کے مطابق وہ تارکین وطن جن کے ویزے یا پاسپورٹ کی مدت ختم ہوجاتی ہے گرفتار ہو جائیں تو اُن کو ننگا کرکے ایسی جیلوں میں رکھا جاتا ہے جہاں جانوروں کو بھی نہ رکھا جاتا ہو اور اس کے ساتھ اُن پر بے پناہ تشدد کیا جاتا ہے۔ تارکین وطن کے مطابق اِن افراد میں پاکستانیوں سمیت برما، بنگلہ دیش، ایران، افغانستان، ویتنام، لائو، کمبوڈیا سمیت کئی ممالک کے شہری شامل ہیں، تاہم ان میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ جیلوں میں کئی تارکین وطن اپنا ذہنی توازن تک کھو چکے ہیں۔ جبکہ اُن کی رہائی کے لئے کوشش کرنے والے افراد کو اُن سے ملاقات تک کرنے نہیں دی جاتی۔ چار بندوں کے ایک کمرے میں بھیڑ بکریوں کی طرح دس افراد کو رکھا جاتا ہے اور اُسی کمرے میں لیٹرین بھی ہوتی ہے، جس برتن میں قید تارکین وطن کو کھانا دیا جاتا ہے وہی برتن اُن کو لیٹرین میں بھی استعمال کرنے کو کہا جاتا ہے۔ قیدیوں میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کے جسم میں کیڑے پڑ چکے ہیں اور وہ رات دن موت کی دعا مانگتے رہتے ہیں۔ تارکین وطن قیدیوں کو کھانے میں ایسی خوراک دی جاتی ہے جو انسان کسی جانور کو بھی نہ دے۔

ذرائع کے مطابق ملائشیاء کے اپنے شہریوں کے لئے جیلوں میں الگ نظام ہے، جہاں اُن کا بہترین طریقے سے خیال رکھا جاتا ہے، جبکہ تارکین وطن کے ساتھ جانوروں سے بدتر سلوک ہو رہا ہے۔ ملائشیاء کے اسلامی ملک ہونے کے باوجود قید تارکین وطن گندگی اور ناپاکی کی وجہ سے نماز بھی نہیں پڑھ سکتے۔ جبکہ اِن جیلوں میں غیر ملکی تارکین وطن عورتوں کو ذیادتی کا نشانہ بنایا جانا عام سی بات ہے۔ تارکین وطن کے مطابق ملائشیاء کے تمام ٹی وی چینلز اور اخبارات حکومت کے ماتحت ہیں جن کو سچ یا حکومت کی کرپشن کے خلاف لکھنے کی اجازت نہیں۔

علاوہ ازیں ملائشیاء میں کام کرنے والے غیر ملکی صحافی بھی بچ بچا کر ملائشین حکومت کی کرپشن کے خلاف لکھتے ہیں۔ تاکہ اُن کو کسی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے، جس کی وجہ سے اب تک ملائشیاء کی جیلوں میں تارکین وطن کے ساتھ ہونے والے مظالم کو میڈیا میں جاری نہیں کیا گیا۔ قید تارکین وطن نے انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت اسلامی ممالک کے سربراہان سے ملائشیاء کی جیلوں میں ہونے والے مظالم اور غیر انسانی سلوک کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 367244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش