3
0
Thursday 4 Sep 2014 08:21
مشاور خانوادہ علامہ صادق تقوی کی ایک فکر انگیز تحریر

انٹرنیٹ کی مجازی (Virtual) دنیا اور عشق و محبت کا اِغواء

انٹرنیٹ کی مجازی (Virtual) دنیا اور عشق و محبت کا اِغواء
تحریر: علامہ صادق تقوی




میں آج اپنے نوجوان مخاطبین سے کچھ کہنا چاہتا ہوں:
تم جوان ہو یا نوجوان!
تم صنفِ نازک ہو یا بنت حوا!
تم صنفِ قیام و مردانگی ہو فرزند آدم!
مگر تم شھوت و جذبات سے بھرپور ہو!
ساتھ ہی احساسات کی دنیا کے شہسوار بھی!
یقیناً تم نے اپنے مستبقل کیلئے بہت کچھ ضرور سوچا ہوگا!
تمہارے اطراف میں جو کچھ موجود ہے ذرا اس کی جانب بھی قدرے توجہ دو!
انٹرنیٹ کی دنیا کی رنگینیاں، جوانی کے اٹھتے جذبات، دل میں کروٹ بدلتی اور مچلتی امنگیں!
ٹی وی چینلوں کی رنگ بکھیرتی دنیا کے دلداہ!
تم نے اپنے جیون ساتھی کے متعلق بھی ضرور سوچا ہوگا!
تمھاری جیون ساتھی یا لائف پارٹنر کیسی ہوگی؟ یا تمھاری زندگی کا شہزادہ اور \'\'مرد\'\' کیسا ہوگا!
تم دن میں کافی وقت انٹرنیٹ کو دیتے ہوگے لیکن جان لو کہ یہ ایک ایسی دنیا ہے کہ جہاں ایک مرد اور عورت کے ایک چہرے کے ہزار میک اپ شدہ چہرے، ایک شخصیت کے کئی اندھیرے پہلو اور ایک ذات کے دھوکہ دینے والے دسیوں انداز مکر و فریب ہیں!
اپنے پاکیزہ جذبات کی اتنی سستی Sale نہ لگاؤ۔
کسی کی ایک جعلی مسکراہٹ کی وجہ سے اہنے احساسات کو فروخت نہ کرو!

اس مجازی (Virtual) دنیا کے ان خوبصورت ناموں کے پس پردہ بدکردار ذاتیں، ہنستی مسکراتی تصویروں کے پیچھے نہایت مکروہ چہرے، دل پھینک تصویروں کے پیچھے غلاظت می آلودہ مکدر دل، خوبصورت اشعار کے لبادے میں گندے جذبات، انسانی خواہشات کے رنگا رنگ لفافوں میں مخفی شیطانی خواہشات، جیون ساتھی کے پاکیزہ لفظ میں بھیڑیا صفت لڑکے اور لڑکیوں کی تعفن والی نیتیں، خیانت سے بھرپور آنکھیں، دل لبھانے والے الفاظ کے پیچھے زہریلی زبانیں اور تمھاری پاکیزہ جوانی کو برباد کرنے کو اپنی ناکامیوں کا مداوا کرنے والے بہت سے افراد ہیں!
جان لو کہ یہ【 مجازی (Virtual) ہے】 ...
یعنی وہ جگہ کہ جہاں زندگی کی کمی و کاستی بغیر کسی خرچ و اخراجات کے پوری ہوجاتی ہیں! یہاں انجینئر بننا، دولت مند ہونا، خوش بخت بننا اور خیالی خوبصورتی سب بہت آسانی سے حاصل ہوجاتی ہیں!
یہ وہ جگہ ہے کہ لڑکیوں کیلئے گھوڑے پر سوار شہزادہ بننا اور لڑکوں کا حسین و جمیل پری بننا بہت ہی آسان ہوتا ہے!

ممکن ہے کہ یہاں کی دنیا میں ایک تصویر کے دس دس مالک پیدا ہوجائیں۔ یہاں لوگوں کی فروخت کا بازار بہت ہی آئیڈیل ہوتا ہے! 
یہ وہ دنیا ہے کہ جہاں بغیر کسی خرچے اور بغیر کسی تردید کے انسان میوزک فسٹیول اور کنسرٹ میں شرکت کرسکتا ہے اور اُسے پیغام دینا اور اپنے اسٹیٹس کو لائیک کرنے کیلئے گدائی کرنا بہت آسان ہوتا ہے!
یہ وہ دنیا ہے کہ جہاں ایک 50 سالہ مرد ایک 17 سالہ لڑکی کی آئی ڈی سے خود کو متعارف کراتا ہے اور کم سن و سال لڑکیوں سے درد دل کرتا ہے، تاکہ وہ اپنے دردِ دل اور غموں کو اُس سے بیان کریں، تاکہ یہ 50 سالہ مرد اپنی اصلی آئی ڈی سے درد دل بیان کرنے والی ان معصوم لڑکیوں کے دل میں داخل ہوسکے!
یہ وہ فضا ہے کہ جہاں ایک شادی شدہ خاتون ایک دوشیزہ و باکرہ لڑکی کا روپ دھار لیتی ہے اور چہرے پر نقابِ عشق ڈال کر بیچلر لڑکوں کے دلوں میں عشق و محبت کا مجازی طوفان برپا کرتی ہے، تاکہ اپنی چکنی چپڑی باتوں سے لڑکے کیلئے \'\'دلرُبائی\'\' کرے اور اس کا دل چرا لے! 

جب چیٹنگ سے بات آگے بڑھے اور لڑکا احساسات کی رو میں بہتا ہوا جب ایک جوان سال لڑکی (45 سالہ شادی شدہ عورت) کی محبت کے دام میں گرفتار ہوجائے اور اس سے شادی کا ارادہ کرے تو وہ ٹکا سا یہ جواب دے کہ میرے گھر والے راضی نہیں ہیں۔ یوں جب وہ عورت اس نوجوان سے اپنی ناجائز خواہشات کی تکمیل کے خواب کو پورا ہوتا نہیں دیکھتی تو اچانک غائب ہوجاتی ہے! 
یوں یہ وادی عشق میں نو وارد نوجوان لڑکا حقیقت کو سمجھے بغیر ایک عمر اپنی حسرت لئے خیالوں کی وادی میں گم ہو جاتا ہے!
یہ ایک ایسی دنیا ہے کہ جہاں حسن کے پجاری میک اپ شدہ حسن اور ایڈٹ شدہ تصویروں کے مصنوعی رنگوں کے ذریعہ دوسروں کے دلوں میں مقام بنانا چاہتے ہیں!
جہاں ایک معصوم صفت لڑکی اپنی زندگی کے درد کو کسی حقیقی عاشق کے سپرد کرنے کی خواہش میں دھوکہ کھاتی ہے!
جہاں ایک نوجوان لڑکا اپنی شریک سفر کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر گھومتے ہوئے چاہتا ہے کہ زندگی سے لطف اندوز ہو!
یہ دونوں نوجوان لڑکا اور لڑکی عشق کی دنیا سے نابلد، محبت کی چاشنی سے نا آشنا، دوستی کے تقاضوں سے ناواقف اور ساتھ دینے کے رازوں سے بے بہرہ ہوتے ہوئے چاہتے ہیں کہ ایک سچے دوست، غم و خوشی کے ساتھی، حقیقی عاشق، دل سے چاہنے والے محبت گر اور ہمیشہ ساتھ دینے والے جیون ساتھی کو تلاش کریں۔ کیوں؟
اِس لئے کہ وہ اپنی محبت کو ہمیشہ کیلئے اس کے نام کرنے کے خواہشمند ہیں جو اپنی زندگی کو اس کے نام کرنا چاہتا ہے۔
اِس لئے کہ وہ اپنے جذبات کی آنکھوں سے عشق کے وسیع اور بلند ترین اُفق کو دیکھنا اور اس میں اپنی محبت کا ستارا تلاش کرنا چاپتے ہیں!

اُن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی دنیا میں صداقت و سچائی سے قدم رکھنے والے کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیں!
اِس لئے کہ اِن عاشق و معشوق، حبیب و محب، دل دینے اور دل لینے والے اور ایک دوسرے کی ہستی میں شامل ہو کر اپنے سفر کو جاری رکھنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکی کی یہ تمنا ہوتی ہے کہ وہ عشق مجازی سے عشق حقیقی کی جانب پرواز کریں!
مگر وہ جو طریقہ اپناتے ہیں، ان کی روش، عمل، Method اور ایک دوسرے کو جانچنے کا انداز اِسی مجازی دنیا سے شروع ہوتا ہے!!
یہ وہ دنیا یے کہ جہاں بڑے بڑے \'\'کھاپڑ\'\' بیٹھے ہیں! گھات لگائے \'\'کہنہ مشق شکاریوں\'\' نے ٹھکانے سنبھالے ہوئے ہیں، کمین میں بیٹھے \'\'وادی عشق\'\' میں \'\'نو وارد قدم زنوں\'\' کی \'\'لڑکھڑاتی آہٹیں\'\' سن کر \'\'دام\'\' بچھانے والے اپنے ہتھیاروں کو صیقل کر رہے ہیں، بڑے بڑے پرانے پاپی، میک شدہ انسانی روپ میں شہوت کی ٹپکتی رالوں والے خنزیر، عفتوں کے دریدنے والے تاجران بکارت، دوستی اور فرینڈ شپ کے نام پر حیا کی چادروں کو تار تار کرنے والے عزت آشام، سوشل میڈیا کی بظاہر سنہری دنیا میں جوانوں کی جوانیوں کو لوٹںے والے بے تاج بادشاہ اور جوانوں کی پاکیزہ روح کو کثیف کرنے والے کثافت گر موجود ہیں!

جیون ساتھی کا انتخاب تمھارا حق ہے، شریک سفر کو سفر سے پہلے پہچاننا تمہارے لئے اشد ضروری ہے!
لیکن یہ طریقہ نہیں جو تم نے اپنایا ہوا ہے!
اے جوان!
اے میرے نوجوان دوست!
اے بنت حوا!
اے فرزند آدم!
اے انٹرنیٹ کی مجازی دنیا کے صارف!
تمھیں بھی جھوٹ کو پہچاننے اور جاننے کا تھوڑا سا طریقہ آنا چاہیے!
تمھیں بھی قدرے حقیقت شناس ہونا چاہئے!
تم اپنی انسانیت کی قربانی کیوں کر رہے ہو؟!
تم کیوں دوسروں کے راحت و سکون کو لوٹنا چاہتے ہو!
یوں چاہتے ہو دوسروں کے جذبات کا مذاق اڑاؤ اور ان پر ہنسو!
یوں تم خود کسی کے ہاتھوں اپنے جذبات کا مذاق اڑا چکے ہو اور اب چاہتے ہو کہ بدلہ لینے کی غرض سے کوئی تمھارے ہاتھوں اس مجازی (Virtual) دنیا کے ہاتھوں قربان ہوجائے!
.
.
.
✔ اِس مجازی (Virtual) دنیا میں اپنی خوبیوں اور مہربانیوں کا خاص خیال رکھو!
✔ تمھاری خوبیوں، اچھائیوں اور مہربانی سمیت تمھارے مستقبل میں اپنے جیون ساتھی سے متعلق پاکیزہ جذبات چرانے والے، ان میں تلاطم و طوفان برپا کرنے والے اور ان سے غلط فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم مقاصد کو عملی جامہ پہنانے والے نیز اپنی خواہشات کو تمھارے جذبات سے پورا کرنے والے بہت سے درندے اور بھیڑیئے اور لومڑی صفت انسان موجود ہیں!
جن کے نام انتہائی خوبصورت، جن کی ڈسپلے پکچرز قیامت ڈھانے والی اور جن کے بظاہر دل میں اتر جانے والے خوبصورت الفاظ تمہارے دل میں طوفان برپا کرنے والے ہیں!
✔ اپنے عشق، محبت، چاہت اور دلرُبائی کی یوں سیل نہ لگاؤ!
✔ اگر تم نے اِس وادی می قدم رکھا ہے تو یہاں کے بظاہر خوبصورت رنگوں والی قوس قزا کی حقیقت کو پہچانو اور پھر آگے بڑھو!
✔ یہاں کے خوبصورت اشعار اور شاعری کے پس پردہ شیطان صفت انسانوں کی طرف سے تمھارے جذبات و احساسات کے اِغواء کئے جانے کو غور سے دیکھو!

✔ تم یہ بھی جان لو کہ اگر تم نے اِس مجازی (Virtual) دنیا میں کسی سے جھوٹ بولا اور اس کے جذبات و احساسات کو غلط سمت لے جانے کی کوشش کی تو تمھارا یہی عمل خود تمھارے وجدان کے راہِ تنفس کو ملامت کی دیوار سے بند کر دے گا!
یوں تم خود دوسروں سے پہلے اپنی ہی نظروں میں گر جاؤ گے!

┘◄ پس مجازی فضا (Virtual) میں خوش آمدید...
┘◄ لیکن ہوشیار اور آگاہ رہو! ... یہاں خطرناک ترین موڑ اور گہری کھائیاں ہیں۔
┘◄ نہ خود کسی کا لقمہ بنو اور نہ کسی کو لقمہ بناؤ!
یاد رکھنا!
جیسی کرنی ویسی بھرنی!
خدا کی لاٹھی بے آواز ہے!
خدا کے یہاں دیر ضرور ہے مگر اندھیر نہیں!!
والسلام
تمھارا مشفق
صادق تقوی
خبر کا کوڈ : 408080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

سلام
بہت اچھا لکھا ہے صادق بھائی انٹرنیٹ کے درست استعمال کے بارے میں۔ شکریہ
زبردست
سلام خدا قوت از بیانات جنابعالی بهره بردم باید راه درست استفاده از اینترنت را به جوانان یاد بدیم تشکر
ہماری پیشکش