0
Monday 29 Apr 2024 11:03

سیاحت کے شعبے میں ایران کی پیشرفت

سیاحت کے شعبے میں ایران کی پیشرفت
تحریر: ڈاکٹر راشد عباس نقوی

ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل نے 2023ء میں ایران کی سیاحت کی صنعت میں 21 فیصد اضافے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ عراقیوں کے بعد ایران میں داخل ہونے والے سیاحوں میں ترک سیاح دوسرے نمبر پر ہیں۔ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سیاحتی صنعت میں کورونا کی وبا کے تھمنے کے بعد گذشتہ تین سالوں میں بالترتیب 40، 39 اور 21 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2024ء میں ایران کی سیاحت کی صنعت میں 12.1 فیصد اضافہ ہوگا۔ غیر ملکی سیاح ایران کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کو خصوصی طور پر پسند کرتے ہیں۔ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل نے سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ایرانی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ عراقی اور ترک شہری جو ایران میں غیر ملکی سیاحوں کا بالترتیب 37 اور 11 فیصد ہیں، جمہوریہ آذربائیجان، پاکستان اور لبنان بالترتیب اگلے نمبر پر ہیں۔

تاریخی یادگاریں، ایران کی شان اور قدیم تاریخ کی علامت ہیں۔ دس لاکھ تاریخی اور ثقافتی آثار، ہزاروں قومی ثقافتی ورثوں کی موجودگی اور 23 عالمی آثار کی رجسٹریشن نے ایران کو دنیا کے دس بڑے سیاحتی ممالک کے طور پر متعارف کرایا ہے، جس کی وجہ سے سیاحت کی صنعت کی ترقی پر ایران کی خصوصی توجہ ہے۔ دنیا میں ثقافتی مشترکات کے علاوہ سیاحتی سفارت کاری کو مضبوط بنانا ایرانی حکام کی ترجیح رہا ہے، جس کی وجہ سے حالیہ برسوں میں خطے کے ممالک سے لاکھوں سیاحوں نے ایران کا سفر کیا۔ یہ ایسے عالم میں ہے کہ سیاحت کی صنعت کی آمدنی ایران کی کل آمدنی کا 4.7 فیصد ہے اور اس شعبے میں 1.6 ملین سے زیادہ لوگ سرگرم ہیں۔ دوسری طرف گذشتہ سال ایران نے مختلف ممالک بالخصوص خطے سے تقریباً 1.2 ملین افراد کو ہیلتھ ٹورازم کی وجہ سے ایران آنے کے مواقع فراہم کئے۔ اس سے ایران نے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی کمائی کی۔

خطے کے سیاح ایران کی سستی طبی خدمات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ عراق، افغانستان، پاکستان، عمان، بحرین، آرمینیا، تاجکستان اور خلیج فارس کے جنوبی ساحلوں کے ممالک کے شہریوں نے ہیلتھ ٹورازم کے لیے سب سے زیادہ ایران کا دورہ کیا۔ درحقیقت ایران آنے والے تمام سیاحوں میں سے 20% بیماری اور صحت کے علاج کے مقصد سے سفر کرتے ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ حکام کی کوششوں سے ایران کا ہیلتھ ٹورازم کا شعبہ آنے والے سالوں میں مزید ترقی کرے گا۔ اس سلسلے میں عالمی سیاحتی تنظیم کے سکریٹری جنرل زوراب پولولیکاشویلی کا کہنا ہے: اسلامی جمہوریہ سیاحت بالخصوص ہیلتھ ٹورازم کے میدان میں بہت اچھی صلاحیتوں کا حامل ہے اور درجنوں ممالک کے ساتھ ویزوں کی منسوخی کے حوالے سے ایرانی حکومت کا اقدام بہت اہم ہے۔

ایران کی سیاحت کی ترقی میں ایک بڑا عنصر سائنس و ٹیکنالوجی کی راہ میں ایران کی تیز رفتار حرکت اور طبی مراکز میں جدید آلات کی فراہمی ہے۔ اسی طرح طبی خدمات کے اخراجات کے لحاظ سے دوسرے ممالک کے مقابلے میں ایران کی مسابقت کو خطے کے ممالک بالخصوص ہیلتھ ٹورازم کی جانب پسندیدگی کی اہم وجوہات قرار دیا جا سکتا ہے۔ ایران کے اعلیٰ معیار اور بین الاقوامی طبی معیارات نے دوسرے ممالک کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ہے اور ہیلتھ ٹورازم  کے میدان میں ایک پرکشش پلیٹ فارم کو تشکیل دیا ہے، کیونکہ یہ صنعت اہم اور مسابقتی ہے اور اس کے ذریعے ہیلتھ ٹورازم کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

ایران کی سیاحت کا ادارہ خطے اور دنیا میں ایران کی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدامات انجام دے رہا ہے، تاکہ ایران کو اسے خطے میں ہیلتھ ٹورازم  کا مرکز بنایا جاسکے۔ ایران کے حکام کی یہ کوششیں انقلاب دشمن ممالک کی ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گی، جو ایران کو دنیا بھر میں تنہاء کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف ہیلتھ ٹورازم میں ایران کی طرف توجہ اس بات کو بھی ثابت کر رہی ہے کہ سامراجی طاقتوں کی تمام تر پابندیوں کے باوجود ایران نے صحت کے شعبے میں قابل قدر ترقی کی ہے۔ یاد رہے کہ سیاحوں کے علاوہ زائرین کی ایک بڑی تعداد ایران کے مذہبی مقامات کی زیارت کے لئے ایران آتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1131975
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش