0
Wednesday 28 Sep 2011 19:13

امریکی دھمکیوں کیخلاف پاکستانی عوام ایک ہو گئے، مختلف شہروں میں مظاہرے

امریکی دھمکیوں کیخلاف پاکستانی عوام ایک ہو گئے، مختلف شہروں میں مظاہرے
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امریکی دھمکیوں کیخلاف عوام ایک ہو گئے، افواج پاکستان سے یکجہتی کیلئے ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے، اس دوران امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے دھمکیووں کے خلاف جی پی او چوک تک احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وکلاء کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، پوری قوم امریکہ کے خلاف متحد ہو چکی ہے، حکمرانوں کو بھی چاہیئے کہ دوست دشمن میں پہچان کریں۔
ملتان میں تحریک انصاف کی خواتین نے طارق روڈ پر مظاہرے کے دوران امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ لینے کیلئے پاکستان پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔ ملتان میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز کی جانب سے امریکہ کی دھمکیوں کیخلاف ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پوری دنیا کا امن تباہ کر دیا ہے۔ کراچی میں آل پاکستان سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے تحت مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات نے پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر طلبا و طالبات کا کہنا تھا کہ پاک آرمی دنیا کی بہترین فوج ہے۔
دوسری جانب پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی پاک فوج کے حمایت اور امریکہ کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات ملی ہیں، مظاہرین نے واضح انداز میں امریکہ کو باور کرایا کہ وہ بحیثیت قوم متحد ہیں اور کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مقررین کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ نے پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی تو اسے عبرت ناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا پوری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے اور ہم 65ء کی جنگ کی طرح اب بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے خلاف لڑیں گے۔ 

خبر کا کوڈ : 102182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش