0
Tuesday 21 Mar 2023 03:13
ایران ہمیشہ عراق میں امن و استحکام اور ترقی میں مدد کیلئے تیار رہا

ایران و عراق کے درمیان مشترکہ سکیورٹی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

ایران و سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کے پانچ دور کی میزبانی پر حکومت عراق کا شکریہ
ایران و عراق کے درمیان مشترکہ سکیورٹی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط
اسلام ٹائمز۔ عراق میں ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری اور عراق کے قومی سلامتی کے مشیر نے عراقی وزیراعظم کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ سکیورٹی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کر دیئے۔ ایران اور عراق کے درمیان مشترکہ سکیورٹی تعاون کے اس سمجھوتے سے عراقی کردستان میں انقلاب مخالف عناصر کی فتنہ انگیزی کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان سکیورٹی سے متعلق پیدا ہونے والے ناخواستہ مسائل کو دور کرنے میں اچھا اثر مرتب ہوگا۔ ایران کے اعلیٰ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی شمخانی نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران ہمیشہ عراق میں امن و استحکام اور ترقی و پیشرفت میں مدد کے لئے تیار رہا ہے، کہا کہ ایک متحد اور طاقتور عراق علاقے میں امن و استحکام کا باعث ہے۔

ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ ایران و عراق کے مشترکہ سرحدی علاقوں میں کسی بھی طرح کا بحران و کشیدگی مشترکہ سرحدی علاقوں کے عوام کے امن و سکون کے غارت ہونے اور سرحدی شہروں کی ترقی میں رکاوٹ کا باعث بنے گی۔ بنابریں اس قسم کی صورت حال کو مکمل طور پر کنٹرول کئے جانے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ایسے میں جب اس طرح کے حالات بنانے میں اندرونی و بیرونی دونوں عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فتنہ اور شرانگیزی کا مقابلہ کیا جانا چاہیئے۔ دریں اثناء عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہ نے بھی ایران کے اعلیٰ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی شمخانی سے ملاقاتوں میں ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کے لئے طے پانے والے سمجھوتے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں کو آگے بڑھانے میں ہر طرح کے تعاون کے لئے بغداد کی آمادگی پر زور دیا۔ 

اس ملاقات میں فریقین نے اسی طرح مختلف شعبوں منجملہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے مواقع اور گنجائشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مشترکہ اقتصادی منصوبوں کو آگے بڑھانے میں تیزی لانے اور اس سلسلے میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو دور کئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایران کے اعلیٰ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی شمخانی نے اس ملاقات میں ایران و سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کے پانچ دور کی میزبانی پر حکومت عراق کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے میں بغداد کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔ اس سے قبل ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب قاسم الاعرجی سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان سکیورٹی کے معاہدوں پر مکمل عملدرآمد سے ہمہ جانبہ تعاون اور ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے جامع سکیورٹی معاہدے پر پوری طرح سے عمل درآمد سے دہشت گردی کے خطرات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ سرحدی بدامنی کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، جس کے مثبت سیاسی اور اقتصادی نتائج بھی برآمد ہوں گے۔ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ امریکا کی بحران پیدا کرنے والی پالیسیوں اور اقدامات ہی علاقے اور عراق میں بدامنی کی جڑ ہیں اور امریکی شیطنت بدستور جاری ہے۔ عراق کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر قاسم الاعرجی نے بھی کہا کہ بلاشبہ سکیورٹی معاہدہ دونوں ملکوں کے مفادات کا پہلے سے زیادہ تحفظ کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 1047811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش