0
Monday 24 Oct 2011 19:42

ملک میں قیام امن اور اسلامی ممالک کی بقا کیلئے ایران، چین، ترکی، سعودی عرب اور پاکستان پر مشتمل بلاک تشکیل دیا جائے، فضل کریم

ملک میں قیام امن اور اسلامی ممالک کی بقا کیلئے ایران، چین، ترکی، سعودی عرب اور پاکستان پر مشتمل بلاک تشکیل دیا جائے، فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ 20 نومبر کو ہونیوالے پاکستان بچاؤ ٹرین مارچ کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان کی اہم شخصیات کے 400 ارب ڈالر غیرملکی بینکوں میں پڑے ہیں، بااثر افراد لوٹ مار کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرتے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران ہے، سنی اتحاد کونسل پاکستان سے لوٹے گئے اثاثوں کی بیرون ملک سے واپسی کے لیے مہم چلائے گی کیونکہ اگر بیرونی بینکوں میں پڑی رقوم واپس آ جائیں تو ملک خوشحال ہو سکتا ہے اور غیرملکی قرضوں سے نجات مل سکتی ہے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ امریکہ سامراج دشمن مسلم لیڈروں کی ٹارگٹ کلنگ کر رہا ہے، امریکہ نے پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس کے تمام نمایاں قائدین کو چن چن کر قتل کروا دیا ہے۔  صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملک مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے اور حکمران اپنی پارٹی کی ریلیوں پر سرکاری خزانہ لٹا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل نہ ہونے کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہی نہیں صوبائی حکومتیں بھی ہیں۔ 
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ تبدیلی کی بے رحم ہوائیں حکومتی ایوانوں کا رخ کرنے والی ہیں اور عید قربان کے بعد بہت کچھ قربان ہونے والا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سپریم کورٹ قبل از وقت شروع کی گئی انتخابی مہم میں سرکاری پیسے کے استعمال کا ازخود نوٹس لے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے تعلیمی بورڈز کی بے ضابطگیوں کیخلاف احتجاج کرنے والے معصوم بچوں پر وحشیانہ لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز کی ناقص کارکردگی سے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھل گیا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 108887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش