0
Monday 7 Nov 2011 01:06

پیپلزپارٹی اور متحدہ کا عوام کی فلاح کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

پیپلزپارٹی اور متحدہ کا عوام کی فلاح کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر متحدہ کے قائد الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سندھ میں مستقبل کے نظام کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کافی دنوں سے مذاکرات کر رہی تھی، جس کے بعد ہفتے کی شام دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی اور اعلان کیا کہ سندھ میں جو بھی نظام ہو گا، وہ عوام کی بہتری کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ سندھ میں امن و محبت کی موجودہ فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے متحدہ ہر ممکن کوشش کرے گی۔ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ عید کے بعد دونوں جماعتیں قانونی مشاورت سے لائحہ عمل تشکیل دیں گی۔
 اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما پیر مظہر الحق نے مشکل حالات میں ساتھ دینے پر متحدہ کے قائد الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عید کے بعد نیا قانون بنے گا۔ پپیلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی موجودگی میں سندھ کے وزیرعلٰی قائم علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور خورشید شاہ نے ٹیلی فونک پریس کانفرنس کی۔ وزیراعلٰی سندھ نے بھی جمہوریت کے لئے متحدہ کے قائد کی کوششوں کی تعریف کی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی اور جمہوریت کے خلاف کام کرنے والوں کی سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 112171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش